برطانیہ میں بہترین فن تعمیر کے لیے دیا جانے والا سب سے بڑا ایوارڈ یعنی ’اسٹرلنگ پرائز‘ اس بار کچھ الگ معلوم پڑ رہا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ اسٹرلنگ پرائز کے لیے پہلی بار کسی مسجد کو نامزدگی ملی ہے۔ جی ہاں، یوروپ کی پہلی ماحول دوست مسجد یعنی کیمبرج سنٹرل مسجد کو اس ایوارڈ کی دوڑ میں شامل کیا گیا ہے۔ ایوارڈ کا اعلان کل یعنی 14 اکتوبر کو کیا جائے گا۔

بیرون ملکی میڈیا میں شائع رپورٹ کے مطابق کیمبرج سنٹرل مسجد لکڑی کے ڈھانچے پر تیار کی گئی ہے۔ یہ مسجد گرین انرجی پر زیادہ انحصار کرنے والی یورپ کی پہلی ایکو فرینڈلی مسجد بھی ہے۔ جدید طرز تعمیر پر بنی خوبصورت مسجد کا ڈیزائن اسلامی اور انگریزی تعمیراتی روایات کا حسین امتزاج ہے۔ ایک اندازے کے مطابق مسجد کی تعمیر پر تقریباً 2 کروڑ برطانوی پاؤنڈز خرچ ہوئے ہیں۔

غور طلب ہے کہ 24 اپریل 2019 میں عوام کے لیے کھولی گئی اس مسجد کا رقبہ بھی کافی زیادہ ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ کیمبرج سنٹرل مسجد میں ایک ہزار افراد بیک وقت نماز ادا کر سکتے ہیں۔ بہترین فن تعمیر کے سبب ہی مسجد کو اسٹرلنگ پرائز کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ ’رائل انسٹی ٹیوٹ آف برٹش آرکیٹیکٹس‘ (آر آئی بی اے) کی طرف سے دیا جاتا ہے۔ اس ایوارڈ کے لیے 5 مزید عمارتوں کی نامزدگی ہوئی ہے۔ ان کے نام ہیں ٹینٹجیل کیسل فٹ برج، کی ورکر ہاؤسنگ، ونڈرمیر جیٹی میوزیم، 15 کلرکن ویل کلوز اور کنگسٹن یونیورسٹی۔