لاکھوں مسلمان پاکیزہ شہر مکہ میں مناسک حج ادا کر رہے ہیں۔ عیدالاضحیٰ کی نماز حرمین شریفین میں ادا ہو چکی ہے اور اب رمی جمار کا سلسلہ جاری ہے۔ قبل ازیں 8 جولائی کو حج کی تاریخ میں پہلی بار خطبۂ حج براہ راست 14 زبانوں میں نشر کیا گیا۔ اس خطبہ حج کو پوری دنیا میں اب تک 200 ملین سے زائد لوگ اپنی پسندیدہ زبانوں میں سماعت کر چکے ہیں۔ اس قدر زیادہ تعداد میں بین الاقوامی زبانوں اور ملکوں ملکوں براہ راست خطبہ حج نشر کرنے کا اہتما م ادائیگی حج کی تاریخ میں پہلی بار کیا گیا۔

صدارت عامہ برائے امور حرمین شریفین کے سربراہ الشیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نے کہا صدارت عامہ نے اوقاف کی اتھارٹی کے ساتھ حجاج کرام کی آسانی کے لیے یہ قدم اٹھایا تاکہ رواں حج سیزن کے دوران 14 بین الاقوامی زبانوں میں خطبہ حج نشر ہو سکے۔ قابل ذکر ہے کہ حرمین کی صدارت عامہ نے مقدس مقامات کی فریکوئنسیز کے ساتھ ریڈیو پر بھی خطبہ ان سبھی زبانوں میں نشر کیا اور اس مقصد کے لیے جدید ترین نشریاتی آلات بروئے کار لائے گئے۔ یہ نشریات مسجد الحرام اور اس کے قرب و جوار سے دنیا بھر میں منتقل کی گئیں۔

غور طلب ہے کہ خطبہ حج انگریزی، اردو، فرانسیسی، ملایو، فارسی، روسی، چینی، بنگالی، ترکی، ہسپانوی، سواحلی، تامل، ہندی اور ہاوسا زبانوں میں نشر کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ میدان عرفات میں واقع مسجد نمرہ میں خطبہ حج شیخ محمد بن عبد الکریم نے پیش کیا۔