دہلی پولیس نے سنیچر کی صبح کانگریس کے سابق رکن اسمبلی آصف محمد خان کو گرفتار کر لیا۔ ان پر ایم سی ڈی ملازمین کو بیچ سڑک پر مرغا بنانے اور پٹائی کرنے کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ دہلی پولس نے یہ کارروائی ایک ویڈیو وائرل ہونے کے بعد کی جس میں آصف محمد خان ایم سی ڈی ملازمین کے ساتھ گالی گلوج کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں وہ ایم سی ڈی ملازمین کی ڈنڈے سے پٹائی کرتے ہوئے بھی نظر آئے۔

وائرل ویڈیو میں ایم سی ڈی ملازمین آصف محمد خان کے سامنے ہاتھ جوڑتے نظر آ رہے ہیں، لیکن ان پر اس کا کوئی اثر نہیں پڑتا۔ وہ ایم سی ڈی اہلکاروں کی پٹائی کرتے ہوئے گالی گلوج بھی کرتے ہیں۔ اس واقعہ کے بعد ایم سی ڈی انسپکٹر رام کشور نے آصف محمد خان کے خلاف شاہین باغ تھانہ میں شکایت کی تھی۔ بعد ازاں پولس نے ایف آئی آر درج کر انھیں گرفتار کر لیا۔ وائرل ویڈیو کو دیکھنے سے پتہ چلتا ہے کہ آصف محمد خان شاہین باغ علاقہ سے کانگریس کے پوسٹر-بینر ہٹائے جانے سے ناراض تھے۔

غور طلب ہے کہ آصف محمد خان دہلی کانگریس کے مشہور لیڈر ہیں اور دو بار اوکھلا سے رکن اسمبلی رہ چکے ہیں۔ 2015 میں عام آدمی پارٹی کے امانت اللہ خان نے انھیں شکست دی تھی۔ آصف محمد خان کا کہنا ہے کہ ایم سی ڈی ملازمین صرف کانگریس کے ہی بینر-پوسٹر ہٹاتے ہیں۔ انھیں کسی دوسری پارٹیوں کے بینر پوسٹر دکھائی ہی نہیں پڑتے۔