انڈر-19 عالمی کپ جیتنے والی ہندوستانی ٹیم کی ہر جانب تعریف ہو رہی ہے۔ ٹیم کے ہر کھلاڑی نے اس جیت میں اپنا تعاون دیا ہے لیکن کچھ کھلاڑی ایسے ہیں جنہوں نے اپنے مظاہرہ سے سبھی کو اپنا مرید بنا لیا۔ ایسے ہی کھلاڑی ہیں شیخ رشید جن کی تعریف کرتے ہوئے سابق چیف سلیکٹر ایم ایس کے پرساد تھک نہیں رہے۔ انہوں نے ابھی سے ان کا موازنہ عظیم بلے باز راہل دراوڑ سے کرنا شروع کر دیا ہے۔

ایم ایس کے پرساد کو انڈر-19 ٹیم کے نائب کپتان شیخ رشید کی بلے بازی میں  راہل دراوڑ کی جھلک دکھائی دیتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ٹیسٹ، وَنڈے اور ٹی-20 سبھی فارمیٹ میں ہندوستانی ٹیم کا مستقبل ہیں۔ پرساد نے کہا ’’شیخ رشید نے انڈر-19 ورلڈ کپ میں کمال کا مظاہرہ کیا ہے۔ ان میں راہل دراوڑ جیسی تکنیک نظر آتی ہے۔ ساتھ ہی انہوں نے اس صبر و استقامت کا مظاہرہ کیا ہے جس کے لیے راہل جانے جاتے تھے۔‘‘

غور طلب ہے کہ شیخ رشید انڈر-19 عالمی کپ میں تیسرے سب سے کامیاب بلے باز رہے۔ انہوں نے 4 اننگز میں 50.25 کی اوسط سے 201 رن بنائے جس میں 2 نصف سنچری شامل ہیں۔ بہرحال، پرساد صرف شیخ رَشید کی بلے بازی سے ہی متاثر نہیں ہوئے بلکہ انہوں نے ان کی بات کرنے کی میچوریٹی کی بھی تعریف کی۔ ویسے پرساد اور شیخ رشید دونوں آندھرا پردیش کے شہر گنٹور سے تعلق رکھتے ہیں۔ رشید کو قابل کھلاڑی بنانے میں پرساد کا اہم کردار رہا ہے۔