سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر کے ذریعہ کارروائی کے بعد سابق امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ اتنے ناراض ہوئے کہ ’بدلہ‘ لینے کا عزم ظاہر کر دیا۔ انھوں نے اعلان کر دیا کہ جلد ہی وہ اپنا خود کا سوشل میڈیا پلیٹ فارم لانچ کریں گے۔ گزشتہ کچھ دنوں سے یہ خبریں گشت بھی کر رہی ہیں کہ ’ٹروتھ‘ کے نام سے جلد ہی سوشل میڈیا ویب سائٹ متعارف کروایا جائے گا۔ لیکن اس سے پہلے کہ ’ٹروتھ‘ کو لانچ کیا جاتا، اس کو ہیک کر لیا گیا ہے۔
جی ہاں، ہیکروں نے سابق امریکی صدر ٹرمپ کو بتا دیا ہے کہ سوشل میڈیا ویب سائٹ لانچ کرنا اتنا بھی آسان نہیں۔ امریکی میڈیا میں آ رہی خبروں کے مطابق ہیکروں نے خود اس بات کا اظہار کیا ہے۔ رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ نفرت انگیز اور غلط معلومات پھیلانے کے خلاف کام کرنے والے ہیکرس کے ایک گروپ نے کہا ہے کہ انھوں نے تیار ہونے والی سوشل میڈیا ویب سائٹ ٹروتھ تک رسائی حاصل کر اسے ہیک کیا ہے۔
ہیکرس کا دعویٰ ہے کہ انھوں نے ٹروتھ میں ٹرمپ کے ہی ذاتی اکاؤنٹ کو ہیک کر اس پر سوئر کی تصویر شیئر کی اور اس پر ڈنالڈ جے ٹرمپ بھی لکھا۔ ہیکرز کے گروپ کے مطابق ٹروتھ ابھی عوامی سطح پر دستیاب نہیں، لیکن اس کی کمزوریوں کا فائدہ اٹھا کر ہیک کرنا آسان ہوا۔ غور طلب ہے کہ ٹرمپ نے 21 اکتوبر کو اعلان کیا تھا کہ نئے سوشل میڈیا نیٹورک ٹروتھ کو متعارف کرایا جائے گا۔