ابھی تین ماہ ہی گزرے ہیں جب فرانسیسی صدر امینوئل میکروں کو ایک شخص نے تھپڑ رسید کر دیا تھا، اور اب ان پر انڈے سے حملہ کیا گیا ہے۔ یہ واقعہ پیر کے روز پیش آیا جب امینوئل میکروں لیون شہر میں ایک بین الاقوامی فوڈ ٹریڈ فیئر میں شریک ہونے پہنچے تھے۔ اس واقعہ کا جو ویڈیو سامنے آیا ہے اس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ جب فرانسیسی صدر پر انڈا پھینکا گیا تو وہ ان کے کندھے پر لگ کر دوسری طرف چلا گیا۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ وہ انڈا کندھے پر لگنے کے باوجود ٹوٹا نہیں۔

سوشل میڈیا پر وائرل ویڈیو میں امینوئل میکروں جب بھیڑ کے درمیان سے گزر رہے تھے تبھی انڈا آ کر ان کے کندھے پر لگا۔ فرانسیسی صدر کے ساتھ اس وقت دو باڈی گارڈس بھی موجود تھے، لیکن وہ کچھ کر نہیں پائے۔ انڈا پھینکے جانے کے بعد وہ متحرک ہوئے اور دوبارہ ایسا نہ ہو، اس کے لیے انھیں گھیر لیا۔ دوسری طرف موقع پر موجود کچھ سیکورٹی گارڈس نے اس شخص کو گرفتار کر لیا جس نے انڈا پھینکا تھا۔ ویڈیو میں گرفتار وہ شخص نظر آ رہا ہے، لیکن ابھی تک یہ پتہ نہیں چل سکا ہے کہ وہ کون ہے اور اس نے فرانسیسی صدر پر حملہ کیوں کیا۔ اس موقع پر موجود کچھ رپورٹرس کا کہنا ہے کہ انھوں نے فرانسیسی صدر امینوئل میکروں کو یہ کہتے ہوئے سنا کہ اگر اسے مجھ سے کچھ کہنا ہے تو میرے پاس آنے دیجیے۔