مسلمانوں کو قریب لانے کے لیے بی جے پی کی کوششیں تیز ہوتی جا رہی ہیں۔ اس تعلق سے لکھنؤ میں ’مسلم سمیلن‘ کا انعقاد بھی عمل میں آیا جہاں یہ پیغام دینے کی کوشش کی گئی کہ بی جے پی مسلمانوں کی دشمن نہیں ہے۔ حالانکہ اس طرح کے مسلم سمیلن پر سماجوادی پارٹی رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر شفیق الرحمن برق نے سخت ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔ انھوں نے کہا کہ جو بکے اور ڈرے ہوئے مسلمان ہیں، وہی اس طرح کے سمیلن میں شامل ہو رہے ہیں۔ ساتھ ہی انھوں نے بی جے پی کو متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہوشیار رہیے، کیونکہ سچا مسلمان کبھی آپ کو ووٹ نہیں دے گا۔‘‘
ڈاکٹر شفیق الرحمن برق نے بی جے پی کے ذریعہ مسلمانوں سے قربت کی کوششوں کو بلاوجہ ٹھہرایا۔ انھوں نے کہا کہ ’’2024 کا انتخاب قریب ہے، اس لیے بی جے پی مسلمانوں کو بھائی بنانا چاہتی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ وہ ہمیشہ مسلمانوں کے خلاف رہی ہے۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی کہا کہ ’’بی جے پی کو مسلمانوں سے نہ کوئی محبت ہے اور نہ کوئی لگاؤ۔ آج مسلمانوں کو جوڑنے کی کوشش ہو رہی ہے، لیکن اس کی اصل وجہ 2024 کا انتخاب ہے۔ ہم نہیں بھول سکتے کہ انھوں نے مسلمانوں پر زیادتی کی ہے اور مظالم کیے ہیں۔ آج بھی بی جے پی لیڈران ملک میں ہندو اور مسلم طبقہ کے درمیان نفرت پھیلا رہے ہیں۔‘‘ اس دوران ڈاکٹر برق نے راہل گاندھی کے ذریعہ نکالی گئی ’بھارت جوڑو یاترا‘ کی تعریف کی۔