شاہ رخ خان کے چاہنے والوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آئی ہے۔ بہت جلد ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر بالی ووڈ کے ’کنگ خان‘ کا جادو چلنے والا ہے۔ ایسی خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ ’نیٹ فلکس‘ پر دکھائے گئے شو ’بریجرٹن‘ کی کامیابی کو دیکھتے ہوئے جلد ہی اس کا دوسرا سیزن بھی آنے والا ہے۔ اسی نئے سیزن میں شاہ رخ خان کا جادو چلے گا۔ اگر آپ یہ سوچ رہے ہیں کہ شاہ رخ خان ’بریجرٹن‘ کے دوسرے سیزن میں کام کرنے والے ہیں، تو آپ غلط ہیں۔ دراصل ان کی ایک فلم کے نغمہ کو ’بریجرٹن‘ کے دوسرے سیزن میں استعمال کیا گیا ہے۔
ہم بات کر رہے ہیں شاہ رخ خان کی فلم ’کبھی خوشی، کبھی غم‘ کے نغمہ کی۔ ٹائٹل ٹریک سمیت اس فلم کے سبھی نغمے کافی مقبول ہوئے تھے۔ فلم میں شاہ رخ کے علاوہ امیتابھ بچن، ریتک روشن، جیہ بچن، کاجول، قرینہ کپور جیسے اداکاروں نے کام کیا تھا۔ بتایا جا رہا ہے کہ فلم کا ٹائٹل ٹریک بریجرٹن کے دوسرے سیزن میں استعمال کیا گیا ہے۔
غور طلب ہے کہ فلم ’کبھی خوشی، کبھی غم‘ کے ٹائٹل ٹریک کو بالی ووڈ کی مشہور جوڑی جتن-للت نے کمپوز کیا تھا۔ بریجرٹن کے دوسرے سیزن کے لیے اس گانے کو کرس بووَرس نے کمپوز کیا ہے اور امید کی جا رہی ہے کہ لوگ اس پسند کریں گے۔ اس سیریز میں آپ کو کئی مشہور گلوکاروں کے گانے سننے کو ملیں گے۔ مثلاً ہالی ووڈ اسٹار ریحانہ، اریانا سے لے کر ٹیلر سوئفٹ کے گانے بھی شامل کیے گئے ہیں۔