کچھ ماہ کا ہی انتظار ہے جب ٹی-20 عالمی کپ میں ہندوستان اور پاکستان کی کرکٹ ٹیمیں ایک دوسرے کے خلاف میدان پر نبرد آزما نظر آئیں گی۔ لیکن کیا آپ کو معلوم ہے کہ جلد ہی ہندوستان کے سابق کپتان وراٹ کوہلی اور پاکستانی کپتان بابر اعظم ایک ہی ٹیم کے لیے ساتھ ساتھ کھیلتے نظر آ سکتے ہیں۔ جی ہاں، اس سلسلے میں ایشین کرکٹ کونسل (اے سی سی) نے منصوبہ بندی شروع کر دی ہے۔

ایک رپورٹ کے مطابق اے سی سی 2023 میں ایشیا الیون اور افریقہ الیون کے درمیان سیریز منعقد کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ اگر سب کچھ ٹھیک رہا تو ہندوستان اور پاکستان کے علاوہ افغانستان، سری لنکا اور بنگلہ دیش کے کھلاڑی ایشیائی الیون کے لیے کھیلتے دکھائی دیں گے۔ اے سی سی کے کمرشیل اینڈ ایونٹس چیف پربھاکرن تھنراج نے فوربس سے بات چیت میں بتایا کہ ’’ہمیں ابھی تک کرکٹ بورڈس سے اجازت نہیں ملی ہے۔ ہم فی الحال قرطاس ابیض (وہائٹ پیپر) پر کام کر رہے ہیں اور اسے دونوں بورڈس کے حوالے کیا جائے گا۔‘‘

غور طلب ہے کہ کرکٹ تاریخ میں صرف دو بار ایفرو-ایشیا کپ منعقد ہوا ہے۔ 2005 میں تین میچوں کی یک روزہ سیریز کھیلی گئی تھی جو 1-1 سے برابر رہی تھی۔ 2007 میں ہوئے ٹورنامنٹ میں تین یک روزہ میچوں کے علاوہ ایک ٹی-20 میچ بھی کھیلا گیا تھا۔ ان سبھی میچوں میں ایشیا الیون فتحیاب ہوئی تھی۔ اب دیکھنے والی بات یہ ہوگی کہ 2023 میں اس ٹورنامنٹ کو لے کر کیسا خاکہ تیار کیا جاتا ہے۔