آپ کا کیا رد عمل ہوگا جب آپ سنیں گے کہ کسی اسکول نے لڑکیوں کے چوٹی باندھنے پر پابندی لگا دی ہے؟ یقیناً آپ حیران ہو جائیں گے اور اس کی وجہ جاننے کی کوشش کریں گے۔ جاپان میں کچھ ایسا ہی معاملہ پیش آیا ہے جہاں اسکولی طالبات کو ’پونی ٹیل‘ (ایک چوٹی) بنا کر آنے سے منع کیا گیا ہے۔ ’پونی ٹیل‘ اس طرح سے چوٹی باندھنے کو کہتے ہیں جس میں گردن کا پچھلا حصہ دکھائی پڑتا ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ یہ پابندی اس لیے عائد کی گئی تاکہ لڑکے متاثر نہ ہوں۔
جی ہاں، پونی ٹیل پر پابندی کے پیچھے کی دلیل یہ بتائی جا رہی ہے کہ لڑکیوں کی گردن کا پچھلا حصہ لڑکوں کو جنسی طور پر جوش میں مبتلا کر سکتا ہے۔ اس لیے طالبات ’پونی ٹیل‘ بنا کر اسکول نہیں جا سکتیں۔ انتظامیہ کا ماننا ہے کہ اس قدم سے لڑکوں کی توجہ پڑھائی کے دوران نہیں بھٹکے گی۔
غور طلب ہے کہ جاپان اپنے یہاں اسکولوں میں کئی عجیب و غریب پابندیوں کے لیے مشہور ہے۔ ’دی نیو یارک ٹائمز‘ کی ایک رپورٹ کے مطابق جاپان کے کئی اسکولوں میں بچوں کے موزے کی سائز سے لے کر انڈرویئر کے رنگ تک حیرت انگیز ضابطے نافذ کیے جا چکے ہیں۔ ایک قانون کے مطابق یہاں اسکول میں پڑھنے والی لڑکیاں صرف سفید رنگ کا انڈرویئر پہن کر آ سکتی ہیں۔ کچھ اسکولوں میں لڑکیوں کو سیاہ بالوں کے ساتھ ہی انٹری ملتی ہے، وہ اپنے بالوں کا رنگ نہیں بدل سکتیں۔