ہندوستانی بحریہ اتوار یعنی 7 نومبر سے گوا میں میریٹائم کنکلیو کا انعقاد کرنے جا رہی ہے۔ اس سہ روزہ ’گوا میریٹائم کنکلیو‘ میں 12 ممالک کے بحریہ سربراہ کی شرکت ہونے والی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ بحر ہند علاقہ میں دہشت گردانہ سرگرمیوں اور دیگر غیر روایتی خطروں سے نمٹنے کے لیے یہ کنکلیو کرایا جا رہا ہے۔

’اے بی پی لائیو ڈاٹ کام‘ پر شائع ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ گوا میریٹائم کنکلیو کا اس سال کا موضوع ہے ’میریٹائم سیکورٹی اینڈ ایمرجنگ نان ٹریڈیشنل تھریٹس: اے کیس فار پروایکٹیو رول فار آئی او آر نیویز‘۔ اس کنکلیو سے ہندوستانی بحریہ سربراہ ایڈمرل کرمبیر سنگھ کے علاوہ سکریٹری برائے دفاع اجے کمار اور سکریٹری برائے خارجہ ہرش شرنگلا بطور خصوصی مقرر خطاب کریں گے۔ ہندوستانی بحریہ کا گوا واقع ’نیول وار کالج‘ اس تقریب کو منعقد کر رہا ہے اور سبھی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔

قابل ذکر ہے کہ ’گوا میریٹائم کنکلیو‘ کا یہ تیسرا سال ہے۔ اس سال کنکلیو میں بنگلہ دیش، میانمار، سری لنکا، ماریشس، مالدیپ، انڈونیشیا، ملیشیا، تھائی لینڈ، سیشلز، سنگاپور، میڈگاسکر اور کامروس حصہ لے رہے ہیں۔ ہندوستانی بحریہ کے ترجمان کمانڈر وویک مدھوال کا کہنا ہے کہ اس تقریب کے انعقاد کا مقصد سمندر میں روزانہ امن قائم رکھنا ہے۔ غور طلب ہے کہ 2008 میں ممبئی میں پیش آیا 11/26 کا دہشت گردانہ حملہ سمندر کے راستے ہی ہوا تھا۔ آئندہ اس طرح کے کسی بھی واقعہ سے بچنے کے لیے تمام تر کوششیں کی جا رہی ہیں۔