جنوبی افریقہ میں ہندوستانی ٹیم حالانکہ ٹیسٹ سیریز ہار چکی ہے لیکن کھلاڑیوں کے لیے ایک راحت کی خبر ہے کہ ان پر ڈی آر ایس تنازعہ معاملے میں کوئی کارروائی نہیں ہوگی۔ واضح ہو کہ آخری ٹیسٹ کے تیسرے دن جب ڈین ایلگر کو امپائر نے آؤٹ دے دیا تھا تو ریویو لینے پر ڈی آر ایس نے جنوبی افریقی بلے باز کو آؤٹ ہونے سے بچا لیا۔ حالانکہ ایسا لگ رہا تھا کہ حقیقت میں گیند اسٹمپ پر جا کر ضرور لگتی۔ ڈی آر ایس کے نتیجے سے مایوس ہندوستانی کھلاڑیوں نے میدان پر اپنے زبردست غصے کا اظہار کیا تھا۔
میدان پر ہندوستانی کھلاڑیوں کے خراب رویہ سے ایسا لگ رہا تھا کہ ان پر ضرور کوئی کارروائی کی جائے گی۔ لیکن سیریز میں شکست کی مایوسی کے درمیان ان کے لیے خوشخبری ہے کہ ان پر کوئی چارج نہیں لگا۔ ای ایس پی این کرک اِنفو کی رپورٹ کے مطابق میچ آفیشیل کی ہندوستانی ٹیم مینجمنٹ کے ساتھ کوڈ آف کنڈکٹ پر بات ہوئی تھی جس میں کوہلی بھی شامل تھے لیکن ہندوستانی کھلاڑیوں پر کوئی الزام نہیں لگایا گیا۔
غور طلب ہے کہ ڈِی آر ایس کے فیصلہ سے ناراض اشون نے اسٹمپ مائک کے پاس جا کر کہا تھا ’’آپ کو جیتنے کے بہتر طریقے تلاش کرنے ہوں گے سپر اسپورٹ۔‘‘ کوہلی نے بھی ڈی آر ایس فیصلہ کے خلاف میدان پر کچھ باتیں کہیں تھیں۔ ہندوستانی کھلاڑیوں کی ان جذباتی حرکتوں پر کرکٹ شیدائی و ماہرین نے سخت الفاظ میں تنقید کی تھی۔