نیوزی لینڈ اور انگلینڈ کرکٹ بورڈ کے ذریعہ پاکستان دورہ منسوخ کیے جانے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے مایوسی کا اظہار کیا تھا۔ اب پی سی بی کو ایک خوشخبری ملی ہے۔ اے آر وائی نیوز (پاکستان) نے اطلاع دی ہے کہ ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو مل گئی ہے۔ یعنی ایشیائی کرکٹ ٹیمیں 2023 میں پاکستان کا دورہ کریں گی۔ یک روزہ میچوں کے اس ٹورنامنٹ کو لے کر پاکستان کو اب زور و شور سے تیاریاں کرنی ہوں گی۔

ذرائع کے حوالے سے اے آر وائی نیوز نے بتایا کہ ایشین کرکٹ کونسل کی ایک میٹنگ میں ایشیا کپ 2023 کی میزبانی پاکستان کو دینے کا فیصلہ لیا گیا۔ ایشین کرکٹ کونسل کی یہ میٹنگ بی سی سی آئی (بورڈ آف کرکٹ کنٹرول آف انڈیا) سکریٹری جے شاہ کی صدارت میں ہوئی۔ ہندوستانی کرکٹ بورڈ نے پاکستان کی میزبانی منظور کر لی، جس سے پاکستان کی راہیں آسان ہو گئیں۔

ٹی-20 عالمی کپ کچھ ہی دنوں میں شروع ہونے والا ہے، اس سے پہلے پاکستان کے لیے یہ بڑی خوشخبری ہے کہ وہ ایشیا کپ 2023 کی میزبانی کرے گا۔ غور طلب ہے کہ کورونا وائرس کے سبب سری لنکا میں مقرر کردہ ایشیا کپ ٹی-20 ٹورنامنٹ ملتوی کرنا پڑا تھا۔ سری لنکا کرکٹ بورڈ کے سربراہ نے کہا تھا کہ کورونا کے سبب ایشیا کپ کا انعقاد ممکن نہیں ہے۔ اب تقریباً سبھی ممالک میں کورونا کے حالات بہتر ہو رہے ہیں، اس لیے کرکٹ کی سرگرمیاں بھی بڑھ رہی ہیں۔