آپ اگر عرفان خان کی اداکاری کے شیدائی ہیں تو آپ کے لیے خوشخبری ہے۔ مرحوم عرفان خان کی 14 سال پہلے بنی فلم ’مرڈر ایٹ تیسری منزل 302‘ زی-5 پر ریلیز ہو چکی ہے۔ 20 مہینے بعد عرفان خان کو اسکرین پر دیکھنا ان کے شیدائیوں کے لیے سکون کی بات ہوگی۔

’مرڈر ایٹ تیسری منزل 302‘ کی بات  کریں تو یہ ایک تھریلرفلم ہے جس کی کہانی ایک بزنس مین کی اہلیہ کا اغوا ہونے کے ارد گرد گھومتی ہے۔ فلم میں رنویر شوری اور لکی علی بھی اہم کردار میں ہیں۔ عرفان خان نے اس فلم میں اپنے کردار کو بخوبی ادا کیا ہے۔ خاص طور پر ان کے ’وَن لائنر‘ کافی اچھے ہیں۔ فلم میں تھائی لینڈ کے لوکیشن کی بہت ہی خوبصورتی سے سنیماٹوگرافی کی گئی ہے۔ نونیت باز سینی کی ہدایت کاری میں بنی اس فلم میں بہت سی خامیاں بھی ہیں جیسے اس کی کہانی بہت ہی کمزور ہے، کرداروں کو اچھی طرح پیش نہیں کیا گیا ہے جس  کی وجہ سے ادکاری کمزور نظر آ رہی ہے۔

حالانکہ ’مرڈر ایٹ تیسری منزل 302‘ عرفان خان کی ’دی لنچ باکس‘، ’پیکو‘ اور ’مقبول‘ جیسی بہترین فلموں کے سامنے کہیں نہیں ٹھہرتی، لیکن اگر آپ عرفان خان کے مداح ہیں تو اس فلم کے ذریعہ انہیں ایک بار پھر اسکرین پر دیکھ کر سکون ضرور مل سکتا ہے۔ واضح ہو کہ مہلک مرض کینسر سے جدوجہد کرنے کے بعد 29 اپریل 2020 کو عرفان خان کا 53 سال کی عمر میں انتقال ہوگیا تھا۔