اُردو سے محبت کرنے والوں اور اُردو ذریعہ تعلیم اختیار کرنے والوں کے لیے یہ خبر انتہائی مسرت آمیز ہے کہ اب سنٹرل آرمڈ پولیس فورسز (سی اے پی ایف) کا امتحان اردو زبان میں بھی لیا جائے گا۔ یہ تاریخی قدم مرکزی وزارت داخلہ کے ذریعہ اٹھایا گیا ہے جو انتہائی خوش آئند ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ نے سی اے پی ایف کے لیے ہندی اور انگریزی کے علاوہ 13 علاقائی زبانوں میں کانسٹیبل (جنرل ڈیوٹی) امتحان منعقد کرنے کو منظوری دے دی ہے۔
مرکزی وزارت داخلہ نے جن 13 علاقائی زبانوں میں سی اے پی ایف کا سوالنامہ تیار کرنے کی ہدایت دی ہے اُن میں اردو کے علاوہ آسامی، بنگالی، گجراتی، مراٹھی، ملیالم، کنڑ، تمل، تیلگو، اڑیہ، پنجابی، منی پوری اور کونکنی شامل ہیں۔ اس فیصلے کے بعد لاکھوں امیدوار اپنی مادری زبان یا علاقائی زبان میں سی اے پی ایف کا امتحان دے سکیں گے۔ اس کا سب سے بڑا فائدہ یہ ہوگا کہ اب علاقائی زبانوں کو بہتر انداز میں سمجھنے والے امیدواروں کے انتخاب کے امکانات بڑھ جائیں گے۔
غور طلب ہے کہ کانسٹیبل (جنرل ڈیوٹی)، ایمپلائی سلیکشن کمیشن کے ذریعہ منعقد اہم امتحانات میں سے ایک ہے۔ اس میں ملک بھر سے لاکھوں امیدوار شریک ہوتے ہیں۔ بہرحال، ہندی اور انگریزی کے علاوہ 13 علاقائی زبانوں میں امتحان کا انعقاد آئندہ سال یعنی یکم جنوری 2024 سے ہوگا۔ مرکزی وزارت داخلہ اور ایمپلائی سلیکشن کمیشن کئی ہندوستانی زبانوں میں امتحان کی سہولت دینے کے لیے ’میمورینڈم آف انڈراسٹینڈنگ‘ سے متعلق ایک معاہدہ پر دستخط بھی کریں گے۔