سرکاری اسکولوں کے اساتذہ سے اکثر تدریسی ذمہ داریوں کے علاوہ بھی کئی کام لیے جاتے رہے ہیں۔ اب خبریں سامنے آ رہی ہیں کہ جلد ہی انھیں دہلی ایئرپورٹ پر تعینات کیا جائے گا۔ اس کی وجہ ہے کورونا انفیکشن کے بڑھتے ہوئے اندیشے۔ دراصل کوشش ہو رہی ہے کہ دہلی ایئرپورٹ پر پہنچنے والے مسافر کورونا گائیڈلائنس پر سختی سے عمل کریں۔ اسی مقصد کے تحت آئندہ 31 دسمبر سے 15 جنوری تک اساتذہ کو ایئرپورٹ پر تعینات کیا جائے گا، جو یقینی بنائیں گے کہ مسافر کورونا گائیڈلائنس پر عمل کریں۔

سرکاری ذرائع کے حوالے سے میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ سرکاری اسکول کے اساتذہ بیرون ممالک سے ہندوستان پہنچ رہے مسافروں کی رہنمائی کریں گے۔ ان کی ایئرپورٹ پر 16 دنوں کے لیے تعیناتی ہوگی جو ہندوستان پہنچنے والے مسافروں کو کووڈ سے بچاؤ کے لیے ضروری گائیڈلائنس پر عمل کی ترغیب دیں گے۔ چونکہ اس دوران اسکولوں میں موسم سرما کی چھٹی ہوگی، اس لیے اساتذہ کی نئی ڈیوٹی سے طلبا کو پڑھائی کا نقصان بھی نہیں ہوگا۔

غور طلب ہے کہ چین، جاپان، برطانیہ اور امریکہ سمیت کچھ دیگر ممالک میں کورونا انفیکشن کے معاملے تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ ہندوستان میں بھی حالات بے قابو نہ ہو جائیں، اس لیے کئی احتیاطی اقدامات کیے گئے ہیں۔ بیرون ممالک سے آنے والے لوگوں کی ٹیسٹنگ تیز کر دی گئی ہے اور روزانہ کچھ نہ کچھ کورونا کیسز سامنے آ رہے ہیں۔ ایسے کورونا متاثرین کو عام لوگوں سے ملاقات نہ کرنے کی ہدایت دی جا رہی ہے۔