مرکزی حکومت نے مدھیہ پردیش حکومت کے ذریعہ بھوپال کے حبیب گنج ریلوے اسٹیشن کا نام بدل کر رانی کملاپتی رکھنے کی گزارش قبول کر لی ہے۔ یہ جانکاری مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیوراج چوہان نے سوشل میڈیا کے ذریعہ دی۔ ساتھ ہی انھوں نے وزیر اعظم مودی کا شکریہ بھی ادا کیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’کو‘ پر انھوں نے لکھا ہے ’’وزیر اعظم نریندر مودی جی کو حبیب گنج ریلوے اسٹیشن کا نام گونڈ رانی کملاپتی جی کے نام پر کرنے کے لیے ریاستی عوام کی طرف سے دل کی گہرائیوں سے شکریہ کا اظہار کرتا ہوں۔ یہ فیصلہ گونڈ نسل کی باوقار تاریخ، ہمت اور طاقت کے تئیں احترام اور سچا خراج عقیدت ہے۔‘‘
حبیب گنج ریلوے اسٹیشن کی نئی عمارت کا افتتاح وزیر اعظم 15 نومبر کو کرنے والے ہیں۔ یہ ہندوستان کا پہلا ورلڈ کلاس ریلوے اسٹیشن ہوگا، لیکن اس کو ’رانی کملاپتی‘ کی شکل میں نیا نام مل گیا ہے۔ جو لوگ رانی کملاپتی کے بارے میں نہیں جانتے، انھیں معلوم ہو کہ وہ گنّور گڑھ کے راجہ نظام شاہ کی 7 بیگمات میں سے ایک تھیں۔ کہا جاتا ہے کہ وہ بہت خوبصورت اور بہادر تھیں، اس لیے نظام شاہ انھیں بہت عزیز رکھتے تھے۔ جب نظام شاہ کو ان کے بھتیجے عالم شاہ نے دھوکے سے زہر دے کر مار دیا، تو اس کا بدلا کملاپتی نے بڑی چالاکی سے لیا۔ انھوں نے محمد خان نامی جانباز شخص سے مدد لے کر ایک جنگ میں عالم شاہ کا قتل کرا دیا۔