پاکستان اس وقت زبردست معاشی بحران کی زد میں ہے۔ مہنگائی آسمان چھو رہی ہے اور عوام دانے دانے کو محتاج ہے۔ پاکستان کے پاس غیر ملکی کرنسی کا ذخیرہ (فوریکس ایکسچینج) بھی بے حد کم رہ گیا ہے۔ ایسے میں پاکستان کی شہباز شریف حکومت نے حج پر جانے والے عازمین کو بری خبر سنائی ہے۔ دراصل حکومت کی طرف سے حج پر جانے والوں کی تعداد میں زبردست کمی کر دی گئی ہے۔ اس وجہ سے اب تقریباً 90 ہزار پاکستانی عوام حج کی سعادت حاصل نہیں کر پائیں گے۔

دراصل سعودی عرب جانے والے حاجیوں کو اپنے ملک کے نوٹ غیر ملکی کرنسی میں ایکسچینج کرانے ہوتے ہیں۔ ان دنوں چونکہ پاکستان کا فوریکس ریزرو برائے نام رہ گیا ہے، اس لیے خراب حالات سے نمٹنے کے لیے پاکستانی حکومت نے تقریباً 90 ہزار پاکستانی شہریوں کا حج کوٹہ بیرون ممالک میں رہنے والے پاکستانیوں کو دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا مقصد تقریباً 40 کروڑ ڈالر کو ملک سے باہر جانے سے روکنا ہے۔

پاکستانی میڈیا میں جو خبریں سامنے آ رہی ہیں، اس کے مطابق رواں سال سعودی عرب نے پاکستان کو 1 لاکھ 79 ہزار 210 حج کوٹہ دیا ہے۔ اتنے لوگوں کے سعودی عرب جانے کا مطلب ہے کہ پاکستان کو بڑی مقدار میں ڈالر خرچ کرنے پڑیں گے۔ ملک میں ڈالر کی کمی نہ ہو، اس لیے حکومت پاکستان نے بڑے پیمانے پر حج کی اجازت نہ دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس کا فائدہ دیگر ممالک میں مقیم پاکستانیوں کو ملے گا۔