خراب فارم کے سبب ٹیم سے باہر ہوئے ہاردک پانڈیا نئی مصیبت میں پھنس گئے ہیں۔ اس مصیبت کی وجہ نہ ہی ان کا خراب فارم ہے نہ ہی کوئی شخص۔ پریشانی کی وجہ بنی ہیں ان کی مہنگی گھڑیاں۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق ہاردک پانڈیا سے ایئرپورٹ پر کسٹم ڈپارٹمنٹ نے 5 کروڑ روپے کی 2 گھڑیاں ضبط کی ہیں۔ پانڈیا کے پاس ان گھڑیوں کے بل نہیں تھے اور نہ ہی انہوں نے ان کو ڈکلیئر کیا تھا۔

ہاردک پانڈیا ٹیم کے کچھ کھلاڑیوں کے ساتھ اتوار کے روز وطن لوٹے، لیکن انہیں کسٹم ڈپارٹمنٹ کے افسران نے روک لیا اور مہنگی گھڑیوں کو ضبط کر لیا۔ حالانکہ اس طرح کی خبروں کو ہاردک نے افواہ قرار دیا ہے۔ انھوں نے ایک سوشل میڈیا پوسٹ میں لکھا ہے کہ ’’میں خود ممبئی ائیرپورٹ پر کسٹم کاؤنٹر گیا تھا تاکہ خریدے گئے سامان کو ڈکلیئر کراؤں اور کسٹم ڈیوٹی ادا کروں۔‘‘ انھوں نے ساتھ ہی بتایا کہ گھڑی کی قیمت 1.5 کروڑ روپے ہے، نہ کہ 5 کروڑ روپے جیسا کہ سوشل میڈیا پر بتایا جا رہا ہے۔

ویسے ہاردک کو مہنگی گھڑیوں کا شوق ہمیشہ سے رہا ہے، لیکن اس سے کوئی مسئلہ پیدا نہیں ہوا تھا۔ آئی پی ایل 2021 کے دوران بھی انہوں نے 5 کروڑ روپے سے زیادہ قیمت کی Phillippe Nautilus Platinum 5711 گھڑی پہنی ہوئی تھی۔ 2019 میں ہاردک نے ایک تصویر بھی شیئر کی تھی جس میں وہ اسپتال کے بیڈ پر تھے اور ہاتھ میں سونے کی گھڑی چمچما رہی تھی۔