پنجاب کے چنڈی گڑھ کی رہنے والی ہرناز سندھو نے ججوں کو اپنے جواب سے لاجواب کرتے ہوئے 21 برسوں بعد ہندوستان کو حسینۂ کائنات کا خطاب دلا دیا ہے۔ ہرناز نے جنوبی افریقہ اور پیراگوے کی حسیناؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے بازی ماری۔

فائنل میں ٹاپ-3 میں رہنے والی حسیناؤں سے سوال پوچھا گیا تھا کہ ’’آپ دباؤ کا سامنا کر رہیں خواتین کو کیا صلاح دیں گی؟‘‘ اس اہم سوال پر ہرناز نے کہا کہ ’’آپ کو یہ ماننا ہوگا کہ آپ غیر معمولی ہیں، اور یہی آپ کو خوبصورت بناتی ہے، باہر آئیں، اپنے لیے بولنا سیکھیں کیونکہ آپ اپنی زندگی کی رہنما ہیں۔‘‘ اس جواب کے ساتھ ہی ہرناز سندھو کو ’مِس یونیورس-2021‘ کا خطاب مل گیا۔ سیمی فائنلسٹ بننے سے پہلے ہرناز نے کہا تھا ’’کبھی بھی اپنے شوق سے سمجھوتہ نہیں کرنا چاہیے، کیونکہ اس سے آپ کا خواب کیریئر بن سکتا ہے۔‘‘

غور طلب ہے کہ گزشتہ جمعہ کو مقابلۂ حسن میں ہرنَاز نے روایتی قومی پوشاک پہن کر حصہ لیا تھا۔ ان کا لباس کسی ملکہ کی طرح تھا۔ اس میں وہ کافی خوبصورت لگ رہی تھیں۔ ہرنَاز نے اس قدیم ڈیزائن کی پوشاک میں خواتین تحفظ کی کئی علامتیں پیش کرتے ہوئے ان کی نمائندگی کی تھی۔ اس سے قبل ہرناز مِس چنڈی گڑھ  اور مِس میکس اِمرجنگ اسٹار انڈیا کا خطاب بھی اپنے نام کر چکی ہیں۔ 2019 میں ہرنَاز نے مِس انڈیا میں شرکت کی تھی اور ٹاپ-12 تک پہنچی تھیں۔ جلد ہرناز پنجابی فلموں میں نظر آئیں گی۔