پہلے ہی بین الاقوامی ٹی-20 مقابلے میں شاندار کارکردگی کی بدولت مین آف دی میچ کا خطاب جیتنے والے ہرشل پٹیل نے اپنی کامیابی کا راز ظاہر کر دیا ہے۔ انہوں نے نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹی-20 میچ میں کفایتی گیند بازی کرتے ہوئے صرف 25 رن دیے اور 2 وکٹ بھی حاصل کیے۔
ہرشل پٹیل نے میچ کے بعد پریس کانفرنس میں بتایا کہ ’’اے بی (اے بی ڈیویلیئرس) کا میرے کیریئر پر بڑا اثر رہا ہے۔ میں ہمیشہ انہیں چپ چاپ دیکھتا آیا ہوں۔ میں نے حال ہی میں یو اے ای میں ان سے پوچھا کہ بڑے اووروں میں کفایتی گیندبازی کیسے کریں؟ تو انہوں نے بتایا کہ جب بلے باز اچھی گیند پر بھی شاٹ مارے تو بھی بدلاؤ مت کرو۔ بلے باز کو انہی گیندوں پر شاٹ مارنے پر مجبور کرو، کیونکہ وہ سوچے گا کہ آپ دوسری گیند ڈالو گے، لیکن ایسا نہیں ہوگا۔ آئی پی ایل 2021 کے دوسرے مرحلے میں یہ بات ہر وقت میرے ذہن میں رہی اور اب پورے کیریئر میں رہے گی۔‘‘
غور طلب ہے کہ ہرشل پٹیل نے اس سال آئی پی ایل میں سب سے زیادہ وکٹ لیے۔ انھوں نے 15 میچوں میں مجموعی طور پر 32 وکٹ حاصل کئے۔ ان کی اس شاندار کارکردگی سے سلیکٹرس کی نظر ان پر گئی اور انہیں ہندوستانی ٹیم میں شامل کیا گیا۔ ہرشل پٹیل نے بھی موقع کا پورا فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنے پہلے ہی مقابلے میں شاندار گیندبازی کر کے سلیکٹروں کے انتخاب کو صحیح ثابت کیا۔