شاہ رخ خان کی فلم ’جوان‘ 7 ستمبر کو ریلیز ہو گئی جسے خوب پسند کیا جا رہا ہے۔ فلم ناقدین بھی ’جوان‘ کی تعریف کرتے نہیں تھک رہے۔ اس فلم کے کئی ڈائیلاگ نوجوانوں کی زبان پر تیر رہے ہیں۔ ان میں سب سے زیادہ شہرت ’بیٹے کو ہاتھ لگانے سے پہلے باپ سے بات کر‘ ڈائیلاگ کو مل رہی ہے۔ اس درمیان فلم ’جوان‘ کا ایک ایسا کلپ سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر سامنے آیا ہے جس کو دیکھ کر لگتا ہے کہ یہ ڈائیلاگ آئندہ لوک سبھا انتخاب کو پیش نظر رکھتے ہوئے ڈالا گیا ہے۔

دراصل فلم میں ایک جگہ شاہ رخ عوام سے مخاطب نظر آتے ہیں۔ وہ کہتے ہیں ’’ڈر، پیسہ، ذات پات، مذہب، فرقہ کے لیے ووٹ دینے کی بجائے جو آپ سے ووٹ مانگنے آئے آپ اس سے سوال پوچھو۔ پوچھو اس سے کہ اگلے پانچ سال تک تم میرے لیے کیا کرو گے؟ میرے بچوں کی تعلیم کے لیے کیا کرو گے؟ مجھے نوکری دلانے کے لیے کیا کرو گے؟ میں اگر بیمار پڑ گیا تو میری فیملی کے لیے کیا کرو گے؟ اور اگلے پانچ سال تک تم میرے ملک کو آگے بڑھانے کے لیے کیا کرو گے؟ ووٹ دینے سے پہلے، جس انگلی کا آپ استعمال کرتے ہیں، اس انگلی کے ذریعہ سوال کرو۔‘‘

45 سیکنڈ کے اس کلپ میں شاہ رخ ذات پات اور مذہب کے نام پر ووٹ ڈالنے سے منع کرتے ہیں۔ وہ بتاتے ہیں کہ ووٹنگ سے پہلے ان کے ذہن میں تعلیم، ملازمت، صحت اور ملک کی ترقی جیسے ایشوز ہونے چاہئیں۔