کیا آپ نے ’ہندوستان کی اَنتم دُکان‘ دیکھی ہے؟ اگر آپ سوچ رہے ہیں کہ ہم ملک کے آخری سرے پر موجود کسی دُکان کی بات کر رہے ہیں تو آپ بہت حد تک صحیح ہیں۔ لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ اس دکان کا نام ہی رکھ دیا گیا ہے ’ہندوستان کی اَنتم دُکان‘۔ مشہور و معروف بزنس مین آنند مہندرا نے ’دی بیٹر انڈیا‘ ٹوئٹر ہینڈل سے پوسٹ کی گئی اس تصویر کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’اس جگہ پر ایک کپ چائے پینا بیش قیمتی ہوگا۔‘‘

یہ دکان اتراکھنڈ کے چمولی ضلع میں ہے۔ چین کے ساتھ لگتی سرحد پر واقع مانا گاؤں میں موجود اس دکان کو چندیر سنگھ بڑوال چلاتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ انھوں نے چائے کی یہ دکان 25 سال قبل شروع کیا تھا۔ سیاحوں کے درمیان یہ دکان کافی مقبول ہے۔ وہ اس دکان کی میگی کھانا اور چائے پینا پسند کرتے ہیں۔

بہرحال، آنند مہندرا نے اس دکان کی تصویر ری ٹوئٹ کرتے ہوئے سوال کیا ہے کہ ’’کیا یہ ملک کے سب سے شاندار سیلفی اسپاٹ میں سے ایک نہیں ہے؟‘‘ ان کے اس ٹوئٹ سے متاثر ہو کر کئی ٹوئٹر صارفین نے ہندوستان کے کچھ دیگر دلچسپ مقامات کی تصویریں شیئر کرنی شروع کر دی ہیں۔ مثلاً ’اَنتم گاؤں‘، ’اَنتم چائے کی دکان‘، ’سب سے اونچائی والا ریسٹورینٹ‘، ’اَنتم ڈھابہ‘ وغیرہ کی تصویریں سوشل میڈیا پر گشت کرنے لگیں۔ ان دلچسپ تصویروں کو دیکھ کر آنند مہندرا نے ایک نیا ٹوئٹ کیا جس میں لکھا ’’لوگ شاندار رِسپانس کر رہے ہیں۔‘‘