ایک بار پھر سی بی ایس ای نے طلبا کے سامنے ایسا سوالنامہ پیش کر دیا ہے جو تنازعہ کا شکار ہو گیا ہے۔ اس بار 10ویں درجہ کے فرسٹ ٹرم امتحان میں انگریزی کے سوالنامہ پر لوگوں کو اعتراض ہے۔ اس میں کچھ اقتباسات ایسے ہیں جو خواتین کے خلاف اور ان کی بے عزتی کرنے والے ہیں۔ آئیے دیکھتے ہیں وہ اقتباسات کیا ہیں جن پر ہنگامہ برپا ہے…
- بیویوں نے شوہروں کا کہنا ماننا بند کر دیا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ بچے اور ملازم نظم و ضبط بھول گئے ہیں۔
- ٹین ایجرس (نوعمر بچے) اپنی ہی دنیا میں رہتے ہیں۔ بچوں اور ملازموں کو ان کی جگہ ضرور بتانی ہوگی۔
- خود مختار ہوتیں خواتین ہی سماج کی اور فیملی کی دقتوں کی وجہ ہیں۔
11 دسمبر کو ہوئے اس امتحان کے بعد کچھ بچوں کے سرپرستوں نے آواز اٹھائی۔ بات جب سامنے آئی تو کانگریس لیڈر پرینکا گاندھی حیران ہوئیں کہ کیا ہم اپنے بچوں کو یہ پڑھا رہے ہیں۔ مرکزی حکومت پر حملہ آور رخ اختیار کرتے ہوئے انھوں نے ایک ٹوئٹ میں لکھا ’’ناقابل یقین! کیا ہم واقعی بچوں کو یہی سکھا رہے ہیں؟ صاف طور پر بی جے پی حکومت خواتین کے خلاف ان نظریات کی حمایت کرتی ہے، ورنہ تو وہ اسے سی بی ایس ای نصاب میں کیوں شامل کرتی؟‘‘ اس معاملے میں بورڈ نے کہا کہ معاملے کو ماہرین کے پاس بھیجا جائے گا۔ پوری تحقیق کے بعد جو بھی فیصلہ ہوگا، اس کے حساب سے کارروائی کی جائے گی۔