امریکہ کے میساچوئٹس واقع شہر بوسٹن کا ایک معاملہ سامنے آیا ہے جہاں 38 سالہ شخص کئی دنوں سے بیمار تھا۔ بتایا جاتا ہے کہ وہ راتوں کو اچانک اٹھ کر عجیب عجیب آوازیں نکالنے لگتا تھا۔ کچھ لوگوں نے کہا کہ یہ آسیب ہو سکتا ہے۔ پھر اسے جادوگر کے پاس لے جایا گیا، لیکن کوئی افاقہ نہیں ہوا۔ اس شخص کی بیوی پریشان رہنے لگی کہ آخر کس طرح اس مصیبت سے چھٹکارا ملے۔
ایک رات جب اس کی طبیعت انتہائی خراب ہوئی اور وہ عجیب و غریب حرکتیں کرنے لگا تو بیوی خوفزدہ ہو گئی۔ بیوی نے بتایا کہ وہ جھٹکے کھاتے کھاتے بستر سے نیچے گر پڑے اور اس دوران منھ سے عجیب عجیب باتیں نکلتی رہیں۔ گھبرا کر بیوی نے پولس کو فون کیا اور ایمبولنس بھی بلوا لیا۔ شخص نے ایمبولنس میں بیٹھنے سے انکار کر دیا، لیکن پولس اہلکاروں نے جبراً اسے ایمبولنس میں بٹھا کر بوسٹن کے جنرل اسپتال پہنچا دیا۔
اسپتال میں جب ڈاکٹروں نے اس کی حالت دیکھی تو فوراً دماغ کی اسکیننگ کرائی گئی۔ جب رپورٹ سامنے آئی تو ڈاکٹرس یہ دیکھ کر حیران رہ گئے کہ دماغ میں ایک مرا ہوا کیڑا موجود ہے۔ ڈاکٹروں کے ذریعہ اس سچ سے پردہ اٹھائے جانے کے بعد شخص کی عجیب و غریب کیفیت کی اصل وجہ معلوم ہو پائی۔ پھر فوری طور پر آپریشن کر کے اس کیڑے کو دماغ سے نکالا گیا۔ بہر حال، اب اس شخص کی طبیعت ٹھیک ہے اور بیوی کو بھی اطمینان حاصل ہوا ہے۔