مشہور و معروف بالی ووڈ اداکار امیتابھ بچن کی اسپورٹس ڈرامہ فلم ’جھُنڈ‘ کا ٹریلر ریلیز ہو چکا ہے۔ تین منٹ کے اس ٹریلر نے لوگوں کا دل جیت لیا ہے اور ایسا لگتا ہے کہ ’جھُنڈ‘ فٹبال پر بنی فلموں کا ایک نیا چہرہ ثابت ہو سکتی ہے۔ فلم میں امیتابھ فٹبال کوچ کے کردار میں ہیں جو جھگی جھونپڑی کے بچوں کو فٹبال ٹیم میں کھیلنے کے لیے تیار کرنے کی جدوجہد کرتے ہیں۔
’جھُنڈ‘ میں امیتابھ کے کردار کا نام ’وجئے‘ ہے جو بدمعاش، مجرمانہ ذہنیت والے بچوں کے گروہ کو ایک ٹیم میں تبدیل کر دیتا ہے اور ان بچوں کی پوری زندگی بدل جاتی ہے۔ اس کوشش میں ’وجئے‘ کو بڑے لوگوں کی مخالفت اور کئی پریشانیوں کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ لیکن مضبوط قوت ارادی اسے اپنے مقصد سے پیچھے نہیں ہٹنے دیتی۔ ’جھُنڈ‘ کی ہدایت کاری تجربہ کار مراٹھی ڈائریکٹر ناگراج منجولے نے کی ہے۔ مراٹھی فلم ’سیراٹ‘ سے مشہور ہوئے آکاش تھوسر اور رنکو راج گرو بھی اس فلم میں اہم کردار میں نظر آنے والے ہیں۔
فلم کی کہانی کی بات کریں تو یہ سماجی کارکن وجئے برسے کی زندگی پر مبنی ہے جنہوں نے جھگی جھونپڑی کے بچوں کو ایک فٹبال ٹیم بنانے کے لئے انسپائر کیا تھا۔ امیتابھ بچن فلم میں وجئے برسے کا ہی کردار ادا کر رہے ہیں۔ ’جھُنڈ‘ 2 مارچ کو سنیما گھروں میں ریلیز ہوگی۔ ویسے یہ فلم 2019ء میں ہی ریلیز ہونے والی تھی لیکن کورونا وائرس کی وجہ سے اسے ریلیز نہیں کیا جا سکا تھا۔