مہاراشٹر واقع بھیونڈی کے ٹھانے شہر میں موجود ایک فرنیچر مارکیٹ میں آتشزدگی کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس آتشزدگی میں املاک کے زبردست نقصان کی خبریں موصول ہو رہی ہیں۔ 15 اکتوبر کی رات پیش آئے اس حادثہ کی زد میں 50 سے زائد گودام آ گئے ہیں۔ حالانکہ اس آتشزدگی میں کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ہے، لیکن مالی نقصان خوب ہوا ہے۔ آگ لگنے کی خبر ملنے کے بعد فائر بریگیڈ کی ٹیم جائے حادثہ پر پہنچ گئی، لیکن اس پر قابو پانے میں کافی مشقت کرنی پڑی۔
میڈیا ذرائع سے مل رہی اطلاعات کے مطابق بھیونڈی واقع کاشیلی میں فرنیچر کا گودام ہے جس میں دیر رات آگ لگی۔ مقامی باشندوں کا کہنا ہے کہ کچھ ہی منٹوں میں آگ نے فرنیچر کے گودام کو اپنی زد میں لے لیا۔ آگ لگنے سے علاقے میں افرا تفری کا ماحول پیدا ہو گیا۔ مقامی لوگوں نے فوری طور پر پولس اور فائر بریگیڈ کو اطلاع دی۔
گودام میں آگ کیوں لگی، اس سلسلے میں ابھی کچھ بھی جانکاری نہیں مل سکی ہے۔ پولس پورے معاملے کی تحقیقات میں مصروف ہو گئی ہے۔ مقامی لوگوں سے پوچھ تاچھ کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ آتشزدگی کی جو ویڈیوز سامنے آئی ہیں اس سے واقعہ کی خطرناکی کا صاف اندازہ ہوتا ہے۔ اس اندوہناک حادثہ میں ہوئے نقصانات سے متعلق فی الحال کوئی تفصیل سامنے نہیں آ سکی ہے۔ امکان ظاہر کیا جا رہا ہے کہ اس آگ نے کئی لوگوں کو مالی طور پر سخت جھٹکا دیا ہے۔