ہیرا گولڈ ایگزم پرائیویٹ لمیٹڈ کے خلاف درج نئے معاملوں کو سپریم کورٹ نے خارج کر دیا ہے۔ عدالت نے سماعت کے دوران کہا کہ جانچ ایجنسیوں نے طویل مدت میں بھی سرمایہ کاروں کے دعووں کو ثابت کرنے کے لیے کچھ پیش نہیں کیا، اور صرف اندیشوں کی بنیاد پر یہ ثابت نہیں ہو سکتا۔ ساتھ ہی عدالت نے امید ظاہر کی کہ جانچ ایجنسیوں کے ذریعہ جلد ہی دعووں کی جانچ بہتر انداز میں کر کے سچائی سامنے لائی جائے گی۔

ہیرا گروپ آف کمپنیز کی بانی اور چیف ایگزیکٹیو افسر (سی ای او) ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے عدالتی کارروائی کے بعد کہا کہ بڑے چیلنج پر قابو پانے میں ہیرا گروپ نے اپنے عزائم کو ثابت کیا ہے اور وہ ہمیشہ لوگوں کے ساتھ رہا ہے۔ یہ گروپ لوگوں کے ساتھ کھڑا رہا ہے اور سالوں سے ان کی امیدوں و خواہشات کو پورا کیا ہے اور آگے بھی کرتا رہے گا۔ ہیرا گروپ نے حالات سازگار ہونے پر اللہ کا شکر ادا کیا اور ہندوستان کے عدالتی نظام پر اپنا بھروسہ بھی ظاہر کیا۔

ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے ہزاروں سرمایہ کاروں کا بھی شکریہ ادا کیا جنھوں نے گروپ پر اپنا اعتماد قائم رکھا۔ ساتھ ہی ڈاکٹر نوہیرا شیخ نے کہا کہ وہ مستقبل میں بھی عوامی مفاد پر مبنی خدمات فراہم کرتی رہیں گی۔ انھوں نے کہا کہ عدالت کے فیصلہ سے گروپ کو مضبوطی ملی ہے اور پوری دنیا میں ہیرا گروپ کے سرمایہ کاروں مین خوشی کی لہر ہے۔ سرمایہ کاروں کا ہیرا گروپ میں اعتماد مزید بڑھا ہے۔