بالی ووڈ اداکارہ شلپا شیٹی کرسمس کے موقع پر چھٹیاں منانے مسوری گئی ہوئی تھیں۔ اب ان کی گھر واپسی ہو چکی ہے۔ گھر واپسی کی ایک ویڈیو شلپا شیٹی نے انسٹاگرام پر شیئر کی ہے جسے لوگ خوب پسند کر رہے ہیں۔ ویڈیو میں شلپا ہیلی کاپٹر سے اترتی ہوئی نظر آ رہی ہیں اور اوپر سے نیچے تک سیاہ لباس زیب تن کیے ہوئی ہیں۔ ویڈیو کے بیک گراؤنڈ میں شاہ رخ خان کی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کا میوزک پلے ہو رہا ہے۔

دراصل یہ ویڈیو شاہ رخ کی فلم ’کبھی خوشی کبھی غم‘ کے اس منظر کی کاپی ہے جس میں شاہ رخ ہیلی کاپٹر سے اتر کر اپنے گھر کی طرف بڑھتے ہیں جہاں ان کی ماں جیہ بچن منتظر ہیں۔ گویا کہ شلپا شیٹی ویڈیو میں شاہ رخ کا ہیلی کاپٹر شاٹ کاپی کرتی نظر آئی ہیں۔ ویڈیو کے ساتھ شلپا نے لکھا ہے ’’گھر آنے کی فیلنگ کا کوئی حساب نہیں۔ ویسے ہم سبھی کے اندر تھوڑا سا کے3جی (کبھی خوشی کبھی غم) موجود ہے۔‘‘

غور طلب ہے کہ شلپا شیٹی اور ان کے شوہر راج کندرا کے لیے گزشتہ کچھ مہینے بہت مشکل بھرے رہے ہیں۔ راج کندرا کو پورنوگرافی کیس میں گرفتار کیا گیا تھا لیکن اب وہ ضمانت پر باہر ہیں۔ شلپا اپنے شوہر راج کندرا اور بچوں کے ساتھ مسوری گئی تھیں تاکہ برے دنوں کو بھلایا جا سکے۔ مسوری میں سبھی نے خوب مستی کی اور وہاں ان کے ساتھ شلپا کی دوست آکانکشا بھی موجود تھیں۔