کرناٹک میں گزشتہ دنوں کالج احاطہ میں زعفرانی بریگیڈ کے سامنے ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ بلند کرنے کے بعد پوری دنیا میں مشہور ہو چکی بی بی مسکان خان کو لے کر کئی طرح کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ ایسی خبر بھی سوشل میڈیا پر گشت کر رہی ہے کہ بالی ووڈ اداکار سلمان خان اور عامر خان نے انھیں انعام دینے کا وعدہ کیا ہے۔ کچھ ایسی ہی خبر ترکی حکومت کے بارے میں بھی پھیلی ہوئی ہے۔ لیکن اس طرح کی خبروں کو تحقیق کے بعد افواہ پایا گیا ہے۔ گویا کہ نہ ہی ترکی حکومت نے مسکان کو کسی طرح کا انعام دینے کا اعلان کیا ہے، اور نہ ہی سلمان-عامر نے۔

سوشل میڈیا پر جو خبریں گشت کر رہی ہیں ان میں بتایا جا رہا ہے کہ سلمان خان اور عامر خان، ترکی حکومت کے ساتھ 5 کروڑ روپے مسکان خان کو دیں گے۔ ’کوئی موئی‘ کی ایک رپورٹ کے مطبق ’فیکٹلی‘ نے اپنی تحقیق کے بعد دعویٰ کیا ہے کہ مسکان خان کو لے کر ترکی حکومت نے ایسا کوئی بھی سرکاری بیان جاری نہیں کیا ہے جس میں انعام دینے کی بات ہے۔ نہ ہی ان کی ویب سائٹ پر ایسی کوئی پریس ریلیز جاری کی گئی ہے۔

جہاں تک سلمان خان اور عامر خان کا سوال ہے، تو انھوں نے ابھی تک حجاب تنازعہ پر کسی بھی طرح کا تبصرہ نہیں کیا ہے۔ ایسے میں ظاہر ہے کہ سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی خبریں پوری طرح سے افواہ اور جھوٹ پر مبنی ہیں۔