ایک طرف ہندوستان میں حجاب تنازعہ اپنے عروج پر ہے، اور دوسری طرف بحرین میں بھی حجاب سے نفرت کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ بحرین کی راجدھانی مناما واقع مشہور اڈلیا ریسٹورینٹ میں ایک باحجاب خاتون کو داخلے سے روکے جانے کی خبریں سامنے آ رہی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جب خاتون ریسٹورینٹ میں داخل ہو رہی تھی تو اسے روک دیا گیا۔ جب اس واقعہ کی ویڈیو وائرل ہوئی تو ’بحرین ٹورزم اینڈ اگزیبیشن اتھارٹی‘ نے سخت قدم اٹھاتے ہوئے ریسٹورینٹ کو بند کر دیا۔

اس تعلق سے دی ڈیلی ٹریبیون نیوز آف بحرین نے اتھارٹی کے حوالے سے بتایا کہ حال ہی میں ایک ویڈیو سامنے آئی تھی۔ اس میں صاف دکھائی دے رہا ہے کہ ریسٹورینٹ کے ملازم نے برقع پہنے خاتون کو داخلے سے منع کر دیا۔ اس معاملے میں ریسٹورینٹ کی انتظامیہ نے ایک بیان بھی جاری کیا ہے جس میں باحجاب خاتون کو انٹری نہ دینے کے لیے معافی مانگی ہے۔ ساتھ ہی کہا ہے کہ یہ اسٹاف کی غلطی تھی جس کے پیش نظر ڈیوٹی منیجر کو معطل کر دیا گیا ہے۔

اس درمیان ’بحرین ٹورزم اینڈ اگزیبیشن اتھارٹی‘ کی جانب سے سبھی ریسٹورینٹس کے لیے ایک حکم جاری کیا گیا ہے۔ اس میں سختی کے ساتھ بتایا گیا ہے کہ کوئی بھی اصول و ضوابط کی خلاف ورزی نہ کرے۔ ساتھ ہی کہا گیا ہے کہ لوگوں کے ساتھ ہونے والی تفریق کے کسی بھی واقعہ کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔ اتھارٹی نے کسی بھی طرح کی شکایت کے لیے ایک نمبر (17007003) بھی جاری کیا ہے۔