کرناٹک کے کچھ کالجوں میں مسلم طالبات کے حجاب پہننے پر پابندی کا تنازعہ ختم ہوتا نظر نہیں آ رہا۔ ایک طرف مسلم طالبات حجاب کے بغیر کلاس میں جانے کو تیار نہیں، دوسری طرف کچھ ہندو طلبا و طالبات نے زعفرانی شال پہن کر مسلم طالبات کی مخالفت شروع کر دی ہے۔ کئی ویڈیوز سامنے آئی ہیں جن میں طلبا ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ عمران خان نامی ٹوئٹر ہینڈل سے بھی 8 فروری کو ایسی ہی ایک ویڈیو شیئر کی گئی۔ ویڈیو میں ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگا رہے طلبا کے سامنے سے ایک باحجاب طالبہ گزرتی ہے اور تیز آواز میں ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ بلند کر اپنے عزم کا اظہار کرتی ہے۔

ویڈیو مانڈیا کے پی ای ایس کالج کی بتائی جا رہی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ درجنوں طلبا ’جے شری رام‘ کا نعرہ لگا رہے ہیں۔ اسی درمیان ایک باحجاب طالبہ اسکوٹی سے پہنچتی ہے اور اسکوٹی پارکنگ میں لگا کر مظاہرین طلبا کے قریب سے گزرتی ہے۔ وہ ہاتھ لہراتے ہوئے کئی بار ’اللہ اکبر‘ کا نعرہ بلند کرتی ہے اور آگے بڑھ جاتی ہے۔ اس ویڈیو پر آل انڈیا مجلس اتحادالمسلمین کے سربراہ اسدالدین اویسی نے تبصرہ کرتے ہوئے لکھا ہے ’’عقابی روح جب بیدار ہوتی ہے جوانوں میں/ نظر آتی ہے اس کو اپنی منزل آسمانوں میں‘‘۔

غور طلب ہے کہ گزشتہ کئی دنوں سے کرناٹک میں حجاب تنازعہ جاری ہے۔ مسلم طالبات کی حمایت میں دلت طلبا کی ایک بڑی تعداد بھی سامنے آئی ہے۔