اتر پردیش میں میونسپل کارپوریشن الیکشن کی تیاریاں چل رہی ہیں۔ اس درمیان آل انڈیا ہندو مہاسبھا کے ترجمان ابھشیک اگروال نے میرٹھ ضلع کے سبھی وارڈ سمیت میئر عہدہ کے لیے امیدوار اتارنے کا اعلان کر دیا ہے۔ پارٹی کے میرٹھ ضلع کارپوریشن الیکشن چیف ابھشیک اگروال کا کہنا ہے کہ میرٹھ ضلع کے دیہات و قصبوں میں بھی امیدواروں کو انتخاب لڑایا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ سبھی امیدوار کو ایک حلف نامہ بھرنا ہوگا جن میں کچھ اہم عزائم کا تذکرہ ہے۔

دراصل جو انتخابی وعدے ہندو مہاسبھا کے ذریعہ کیے گئے ہیں ان میں مسلمانوں کے خلاف ’زہر‘ گھلا ہوا محسوس ہوتا ہے۔ مثلاً ہندو راشٹر، مذہب تبدیلی اور مسلم نام والی جگہ کا نام بدلنا وغیرہ۔ آئیے نظر ڈالتے ہیں ہندو مہاسبھا کے انتخابی وعدوں میں سے 7 اہم وعدوں پر۔

  1. ہندوستان کو ہندو راشٹر بنانا ہے
  2. ہر ہندو کو گئو ماتا کی پرورش کی ذمہ داری دی جائے گی
  3. ہندوستان کے اندر ہو رہی مذہب تبدیلی جیسے اہم ایشوز پر ہمیشہ کام کرنا ہوگا
  4. ہندوستان کے اندر بڑھتی ہوئی ’اسلامی تسکین کی سیاست‘ کو ختم کرنا ہوگا
  5. اگر ہندو مہاسبھا میونسپل کارپوریشن میں اپنا میئر و اپنے کونسلر کی شہری حکومت تشکیل دیتی ہے تو میرٹھ کا نام بدل کر ’ناتھورام گوڈسے نگر‘ کیا جائے گا
  6. میرٹھ شہر کے سبھی اسلامی علاقوں کا نام بدل کر ہندو شخصیات کے نام پر کیا جائے گا
  7. میرٹھ کے سبھی سرکاری اداروں کے آس پاس کے علاقوں کی سڑکوں کا نام بدل کر ملک کے عظیم انقلابی شخصیات کے نام پر رکھا جائے گا