دوشنبہ، تاجکستان: انڈیا اسٹڈی سینٹر، تاجک نیشنل یونیورسٹی، دوشنبہ کے زیر اہتمام رابندر ناتھ ٹیگور کے یوم پیدائش پر 7 مئی کو ایک خصوصی لکچر کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کی صدارت کرتے ہوئے پدم شری پروفیسر رجبوف حبیب اللہ نے کہا کہ ’’ٹیگور ایک عظیم انسان دوست، محب وطن ادیب و شاعر، فکشن نگار، ڈراما نگار، فلسفی، موسیقار، مصور اور ماہر تعلیم کے ساتھ ہندوستان کے قومی ہیرو بھی تھے۔ انہوں نے زبان و ادب کی جو گراں قدر خدمات انجام دیں انہیں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا۔‘‘
اس موقع پر تاجک نیشنل یونیورسٹی کے وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے ’ٹیگور: زندگی اور ان کی قومی و ادبی خدمات‘ کے موضوع پر خصوصی لکچر پیش کیا۔ انھوں نے خطاب کے دوران کہا کہ ’’ٹیگور کی قومی اور شعری و ادبی خدمات کا اعتراف پوری دنیا کرتی ہے۔ آج بھی ان کی تحریروں کو کوئی چیلنج نہیں کر سکتا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ٹیگور نے زندگی بھر اپنی تحریروں سے ایک دوسرے کے ساتھ محبت اور ہم آہنگی کا ایک واضح ہندوستانی نظریہ پیش کیا۔ نیز انہوں نے جدو جہد آزادی کے دوران ہندوستانی عوام کی ایک کثیر تعداد کو متاثر کیا۔‘‘
تقریب کے آغاز میں شعبہ اردو-ہندی کے چیئرمین پروفیسر قربانوف حیدر نے اساتذہ اور طلبا و طالبات کو ٹیگور جینتی پر دلی مبارکباد پیش کی۔ تقریب میں شعبہ کے اساتذہ ڈاکٹر علی خان، محترمہ صباحت اور محترمہ استد بی بی موجود تھے۔ اس دوران طالبہ عبادت زادہ شفاعت نے ٹیگور کی نظم ’کرما‘ کا تاجکی ترجمہ بھی پیش کیا۔