دوشنبہ، تاجکستان: انڈیا اسٹڈی سینٹر، تاجک نیشنل یونیورسٹی، دوشنبہ کے زیر اہتمام ’جشن ہولی‘ کا انعقاد کیا گیا۔ اس میں وزیٹنگ پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے ’ہولی کی تہذیبی و ثقافتی معنویت‘ کے موضوع پر خصوصی خطبہ پیش کیا۔ تقریب کی صدارت پدم شری پروفیسر رجبوف حبیب اللہ نے کی۔ انہوں نے اپنی صدارتی تقریر میں کہا کہ ’’ہندوستان متنوع عقائد اور ثقافتی تقریبات کے امتزاج کی بہتر نمائندگی کرنے والا خوبصورت ملک ہے، جہاں ہولی کا تہوار ہر سال تزک و احتشام کے ساتھ منایا جاتا ہے۔ ہولی نفرت کو مٹاتی ہے اور محبت کو بانٹتی ہے۔‘‘
اس موقع پر پروفیسر ڈاکٹر مشتاق صدف نے ’ہولی کی تہذیبی و ثقافتی معنویت‘ کے موضوع پر خطبہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’’ہولی بدی پر نیکی کی فتح کی علامت کے ساتھ ہندوستان کی صدیوں پرانی تہذیبی و ثقافتی وراثت پر منبی ایک خوش رنگ تہوار ہے۔ ہولی سے اتحاد پسندی اور بھائی چارے کی روایت کو ہمیشہ سے طاقت ملتی رہی ہے۔ اس کی بیش قیمت تہذیبی و ثقافتی معنویت صدیوں سے برقرار ہے۔‘‘
خطبہ کے بعد اردو اور ہندی کے طلبا و طالبات نے ایک دوسرے سے گلے مل کر ہولی کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے گلال، عبیر اور رنگوں سے ہولی کھیلی۔ تقریب کے آغاز میں شعبہ اردو-ہندی کے چیئرمین پروفیسر قربانوف حیدر نے بھی اساتذہ اور طلبا کو ہولی کی مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر شعبہ کے اساتذہ میں ڈاکٹر علی خان، محترمہ صباحت اور محترمہ استد بی بی نے بھی سبھی طلبا و طالبات کو مبارکباد پیش کی۔