اپنی کپتانی میں انڈر-19 ہندوستانی ٹیم کو عالمی چمپئن بنانے والے نوجوان کھلاڑی انمکت چند نے ایک خاص ریکارڈ اپنے نام کر لیا ہے۔ وہ ’بگ بیش لیگ‘ سے جڑنے والے پہلے ہندوستانی مرد کرکٹر بن گئے ہیں۔ یہ ممکن ہو پایا کیونکہ انھوں نے 28 سال کی عمر میں ہندوستانی کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لینے کے بعد امریکہ سے کھیلنا شروع کیا۔ دراصل ہندوستانی مرد کرکٹروں کو ’بگ بیش لیگ‘ میں حصہ لینے کی اجازت نہیں ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کوئی ہندوستانی کرکٹر ابھی تک اس لیگ کا حصہ نہیں بن پایا تھا۔

بِگ بیش لیگ ٹیم ’ملبورن رینیگیڈس‘ نے یہ خبر دی ہے کہ اس نے انمکت چند کے ساتھ معاہدہ کیا ہے۔ یہاں غور طلب ہے کہ خواتین ہندوستانی کرکٹرس کافی وقت سے خاتون بگ بیش لیگ سمیت دنیا بھر کی گھریلو لیگ میں کھیل رہی ہیں۔ انھیں بین الاقوامی لیگ میں کھیلنے کی اجازت ملی ہوئی ہے۔ پابندی صرف ہندوستان کے قومی اور گھریلو مرد کھلاڑیوں پر ہے۔

انمکت نے کچھ وقت پہلے ہی امریکہ کے لیے کھیلنا شروع کیا ہے۔ اب وہ بگ بیش لیگ کے ساتھ ساتھ باقی ممالک کی گھریلو لیگ میں بھی کھیلنے کے لیے آزاد ہیں۔ اس تعلق سے انمکت نے کہا کہ ’’ایمانداری سے کہوں تو یہ آسان نہیں تھا۔ سچائی یہ ہے کہ میں اب ہندوستان کے لیے نہیں کھیلوں گا، جسے قبول کرنا کافی مشکل ہے۔ لیکن مجھے امریکہ میں کھلینے میں مزہ آ رہا ہے۔ میرے پاس اب کسی بھی ملکی لیگ میں کھیلنے کا موقع ہے۔‘‘