دنیا میں کار کے دیوانوں کی کوئی کمی نہیں ہے۔ یہ دیوانگی ہندوستان میں بھی خوب دیکھنے کو ملتی ہے۔ ایسے بے شمار لوگ آپ کو مل جائیں گے جن کے پاس خوبصورت اور مہنگی کاروں کی اچھی خاصی تعداد ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ ہندوستان میں اب تک کی سب سے مہنگی کار خریدنے کا سہرا کس کے سر بندھا ہے؟ اس شخصیت کا نام ہے نصیر خان، جو کہ حیدر آباد کے رہنے والے ہیں۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بزنس مین نصیر خان نے ہندوستان کی سب سے مہنگی ’سپرکار‘ خریدی ہے۔ اس کار کا نام ہے ’میکلارین 765 ایل ٹی اسپائیڈر‘۔ یہ ہندوستان کی سب سے مہنگی سپرکاروں میں ایک ہے۔ اس کی قیمت تقریباً 12 کروڑ روپے ہے اور نصیر خان ’میکلارین 765 ایل ٹی اسپائیڈر‘ کی خریداری کرنے والے پہلے ہندوستانی بن گئے ہیں۔ انھوں نے یہ سپرکار ’ایم ایس او وولکانو ریڈ شیڈ‘ میں خریدی ہے جو اسپورٹی لک میں بہت خوبصورت نظر آتی ہے۔
نصیر خان کے بارے میں بتایا جاتا ہے کہ وہ لگژری کاروں کے بے حد شوقین ہیں۔ اس سے پہلے بھی انھوں نے کئی لگژری گاڑیاں خریدی ہیں جو ان کے گیراج میں کھڑی ہیں۔ نصیر کے پاس رالس رائس کلینن بلیک، لیمبورگنی، لیمبورگنی اروس، فورڈ مسٹینگ، فراری، مرسڈیز بینز جی-کلاس اور جی ایم سی سمیت کئی کمپنیوں کی گاڑیاں موجود ہیں۔ ان کے پاس ڈکاٹی پینیگیل وی4 جیسی سپربائک بھی ہے۔ آپ نصیر خان کا انسٹاگرام پروفائل دیکھیں گے تو گاڑیوں کو لے کر ان کا شوق پوری طرح ظاہر ہو جائے گا۔