راجستھان میں ایک نابالغ بچے کو پیٹ-پیٹ کر قتل کیے جانے کا افسوسناک معاملہ سامنے آیا ہے۔ پٹائی کی وجہ بیحد معمولی تھی اور ملزمین کی گرفتاری بھی عمل میں آ گئی ہے۔ واقعہ اودے پور کے دیباری ہائیوے پر پیش آیا جہاں 22 مارچ کی شام تین نوجوانوں نے 16 سالہ نابالغ بچے کو لات-گھونسوں سے اس قدر پیٹا کہ وہ ابدی نیند سو گیا۔ افسوس کا مقام یہ بھی ہے کہ وہاں سے گزرتے لوگوں نے پٹائی کی ویڈیو تو بنائی، لیکن کسی نے اس معصوم کو نہیں بچایا۔

ایک میڈیا رپورٹ کے مطابق 16 سالہ بھایا آٹو چلا رہا تھا جب اچانک سامنے آئے بائک سے اس کی ٹکر ہو گئی۔ بائک پر تین نوجوان سوار تھے جنھوں نے بھایا کو رکنے کے لیے کہا۔ خوفزدہ بھایا آٹو لے کر بھاگنے لگا، لیکن نوجوانوں نے بائک سے اس کا پیچھا کیا اور روک لیا۔ پھر انھوں نے بھایا کو آٹو سے اتارا اور بے دھڑک پیٹنا شروع کر دیا۔ بھایا کہتا رہا کہ معاف کر دو، مت مارو، چھوٹا بچہ ہوں، غلطی ہو گئی، لیکن تینوں نوجوانوں نے ایک نہ سنی۔ جب پٹائی سے بھایا بیہوش ہو گیا تو نوجوان وہاں سے چلے گئے۔

کچھ لوگ بھایا کو اسپتال لے گئے جہاں اس کے انتقال کی تصدیق کی گئی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ جسم کے کسی اندرونی حصے پر گہری چوٹ لگی ہے اور اندر ہی اندر خون بہنے سے موت ہو گئی۔ وائرل ویڈیو کی بنیاد پر پولس نے اوم پرکاش، مہندر سنگھ اور ایک دیگر شخص کو گرفتار کر لیا ہے۔