خواتین کانگریس کے یوم تاسیس سے متعلق منعقد ایک پروگرام کے دوران کانگریس رکن پارلیمنٹ راہل گاندھی نے آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریات کو سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ ’’آر ایس ایس کی سوچ نفرت پھیلانا اور سماج کو تقسیم کرنا ہے، اس لیے میں آر ایس ایس-بی جے پی کے نظریات سے کبھی اتفاق نہیں کر سکتا۔‘‘
دہلی واقع کانگریس ہیڈ کوارٹر میں منعقد تقریب کے دوران پارٹی کے سابق قومی صدر راہل گاندھی نے کہا کہ آج ملک میں آر ایس ایس اور بی جے پی کی حکومت ہے۔ مختلف اوقات میں مختلف نظریات کی حکومت ہو سکتی ہے، اور سچ تو یہ ہے کہ آر ایس ایس کے نظریات اور ہمارے نظریات میں بہت بڑا فرق ہے۔ آر ایس ایس کا نظریہ نفرت پھیلاتا ہے، لہٰذا وہ کسی دوسرے نظریہ کے ساتھ تو سمجھوتہ کر سکتے ہیں لیکن آر ایس ایس اور بی جے پی کے نظریے کے ساتھ کبھی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
اس موقع پر راہل گاندھی نے مہاتما گاندھی اور دامودر ساورکر کا بھی تذکرہ کیا۔ انھوں نے کہا کہ ’’گاندھی جی اور ساورکر کے نظریے میں فرق جاننا ہر ایک کے لیے ضروری ہے۔ کہا جاتا ہے کہ بی جے پی ایک ہندو جماعت ہے اور آر ایس ایس کے لوگ ہندوتوا کو فروغ دیتے ہیں، لیکن گزشتہ 200 سالوں کے دوران اگر کسی نے ہندو مذہب کو صحیح طور پر سمجھا اور اسے اپنی زندگی میں اتارا ہے، تو وہ بابائے قوم مہاتما گاندھی تھے۔‘‘