’’مجھے اب بھی یاد ہے 2019 میں، رمضان کے دوران، مجھے خواب میں ایک قبر دکھائی دیتی تھی۔ مجھے ایک جلتی، دہکتی قبر نظر آتی تھی، اور میں قبر میں خود کو دیکھتی تھی۔ مجھے خالی قبر نظر نہیں آتی تھی، اس میں مجھے میں نظر آتی تھی۔ مجھے لگا کہ یہ اشارہ ہے جو خدا مجھے دے رہا ہے کہ اگر میں نہیں بدلی، میرا ایسا ہی انجام ہوگا۔ اس سے مجھے تھوڑی بے چینی ہونے لگی۔ مجھے اب بھی وہ بدلاؤ یاد ہے جو ہو رہے تھے۔ میں بہت ساری ترغیب دینے والی اسلامی تقریریں سن رہی تھی اور ایک رات مجھے یاد ہے میں نے کچھ بہت خوبصورت (میسیج) پڑھا۔ میسیج یہ تھا کہ آپ نہیں چاہیں گے کہ آپ کا آخری دن، حجاب پہننے کا آپ کا پہلا دن ہو۔ اس نے مجھے بہت گہرائی تک چھوا۔‘‘

یہ بیان 2020 میں فلم انڈسٹری کو الوداع کہنے والی ثنا خان کا ہے جنھوں نے اچانک سے حجاب اختیار کر سبھی کو حیران کر دیا تھا۔ سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے انھوں نے حجاب اختیار کرنے کی اصل وجہ لوگوں کے سامنے رکھی اور بتایا کہ اب انھیں کس قدر سکون حاصل ہے۔ گزشتہ دنوں ثنا خان نے اپنے شوہر مفتی انس سعید کے ساتھ حج کی سعادت حاصل کی اور اس سلسلے میں بتایا کہ انھیں ایک بدلے ہوئے انسان کے طور پر مذہبی سفر پر جا کر بہت خوشی محسوس ہوئی۔ غور طلب ہے کہ ثنا خان اب ہمیشہ حجاب میں ہی نظر آتی ہیں۔