ایک چھوٹی لیکن پروقار تقریب میں پنجاب کے دلت کانگریس لیڈر چرنجیت سنگھ چنّی نے ریاست کے وزیر اعلیٰ عہدہ کا حلف لے لیا۔ بعد ازاں انھوں نے اپنی پہلی پریس کانفرنس میں کئی سارے اعلانات کرنے کے ساتھ ساتھ کسانوں کے تعلق سے ایک انتہائی اہم بیان بھی دیا۔ انھوں نے کسانوں کے لیے بجلی اور پانی بل معاف کرنے کی بات کرتے ہوئے کہا کہ ’’یہ کسانوں کی حکومت ہے۔ کسانوں پر کوئی آنچ آئے گی، تو میں اپنا گلا کاٹ کر دے دوں گا۔ اگر کسان ڈوبا، تو ملک ڈوب جائے گا۔ معیشت ڈوب جائے گی۔ اگر کسانی خوشحال ہوگی تو ہی پنجاب خوشحال ہوگا۔‘‘
چرنجیت سنگھ نے کسانوں کو ہر طرح کی سہولت مہیا کیے جانے کا وعدہ کرتے ہوئے کہا کہ ’’کسانوں کے لیے بجلی اور پانی مفت ہونا چاہیے۔ ہماری حکومت کسانوں کے بڑے بجلی کے بل معاف کرے گی۔ اگر کسی کی بجلی کٹی ہے تو ہم اس کے گھر بجلی بحال کریں گے۔ یہ پنجاب کے عام لوگوں کی حکومت ہے۔ ہم بھروسہ دلاتے ہیں کہ کسی کے ساتھ کچھ غلط نہیں ہوگا۔ سبھی کے لیے قانون ایک جیسا ہوگا۔‘‘
اس موقع پر پنجاب کے نئے وزیر اعلیٰ نے کسان تحریک کا بھی تذکرہ کیا اور مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ کسانوں کے حق میں تینوں متنازعہ زرعی قوانین کو منسوخ کرے۔ چرنجیت سنگھ نے مزید کہا کہ ’’پنجاب حکومت کسانوں کے ساتھ ہے۔ میں سبھی کسانوں اور ملازمین سے گزارش کرتا ہوں کہ آپ اپنی تحریک ختم کر دیں۔‘‘