لوگوں کے دلوں پر بالی ووڈ اداکار شاہ رخ خان کی بادشاہت کسی سے پوشیدہ نہیں۔ اس کی مثالیں کئی بار سامنے آ چکی ہیں، لیکن ایک دلچسپ مثال اب سامنے آئی ہے جو غور طلب ہے۔ اس تعلق سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم پر ایک خاتون پروفیسر نے مصر کا دلچسپ واقعہ شیئر کیا ہے۔
خاتون پروفیسر اشونی دیشپانڈے نے ایک ٹریول ایجنٹ کے ساتھ ہوئی بات چیت کا ذکر کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا ہے ’’مصر میں ایک ٹریول ایجنٹ کو پیسے ٹرانسفر کرنے تھے۔ لیکن پیسہ ٹرانسفر کرنے میں دقت آ رہی تھی۔ تبھی ایجنٹ نے کہا کہ آپ شاہ رخ خان کے ملک سے ہو، مجھے آپ پر بھروسہ ہے۔ میں بکنگ کر دیتا ہوں، آپ مجھے بعد میں پیمنٹ کر دینا۔ حالانکہ میں کسی اور معاملے میں ایسا نہیں کرتا، لیکن شاہ رخ کے لیے کچھ بھی۔ شاہ رخ خان کنگ ہیں۔‘‘
خاتون کے اس ٹوئٹ پر شاہ رخ خان کے کئی شیدائیوں نے اپنا رد عمل ظاہر کیا اور انہیں ’ریئل کنگ‘ بتایا۔ کئی لوگوں نے اپنے ساتھ پیش آئے واقعہ کا بھی تذکرہ کیا۔ مینا کارنک نے ٹوئٹ میں لکھا ’’کئی جرمن لڑکیاں ہم سے بات صرف اس لئے کرنا چاہتی تھیں کہ ہم شاہ رخ کے ملک سے آئے تھے۔‘‘ دیپا مہتا لکھتی ہیں ’’لاؤس میں مجھ سے آٹوگراف لیے جا رہے تھے، کیونکہ میں ہندوستان سے تھی جہاں شاہ رخ بھی رہتے ہیں۔ یہ کتنا شاندار ہے۔‘‘ ان ٹوئٹس سے شاہ رخ کی ’بادشاہت‘ کا اندازہ بخوبی لگایا جا سکتا ہے۔