ریزرو بینک آف انڈیا (آر بی آئی) نے 2000 روپے کے نوٹ کا سرکولیشن بند کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ یعنی اگر آپ کے پاس 2000 روپے کا نوٹ ہے تو جلد از جلد اسے یا تو بینک میں جمع کر دیں، یا پھر ایکسچینج کرا لیں۔ آر بی آئی نے اس کے لیے 30 ستمبر کی تاریخ مقرر کی ہے۔ یعنی 30 ستمبر کے بعد 2000 روپے کا نوٹ چلن میں نہیں رہے گا۔
آر بی آئی کا یہ قدم ایسے لوگوں کے لیے فکر انگیز ہے، جن کے پاس 2000 روپے کے نوٹ بڑی تعداد میں موجود ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ آپ ایک ساتھ 2000 روپے کے نوٹ پر مشتمل بڑی رقم بینک میں ایکسچینج بھی نہیں کرا سکتے ہیں۔ آر بی آئی کے ذریعہ دی گئی جانکاری میں بتایا گیا ہے کہ 23 مئی سے 2000 روپے کے نوٹ پر مشتمل 20 ہزار سے زیادہ رقم نہیں بدلا جا سکے گا۔ یعنی ایک بار میں آپ 2000 روپے کے 10 نوٹ ہی ایکسچینج کرا پائیں گے۔ اس سے زیادہ کی رقم کے لیے 19 ریجنل دفاتر کھولے جائیں گے۔
ایک پریس ریلیز میں آر بی آئی نے جانکاری دی ہے کہ 2000 روپے کے نوٹ کو چھاپنا 19-2018 میں ہی بند کر دیا گیا تھا۔ اب آر بی آئی نے سبھی بینکوں سے بھی کہہ دیا ہے کہ وہ 2000 روپے کے نوٹ جاری کرنا بند کر دیں۔ یعنی اب 500 روپے کا نوٹ سب سے بڑا نوٹ ہوگا۔ اے ٹی ایم سے بھی 2000 روپے کے نوٹ نہیں نکلیں گے۔