آل انڈیا مجلس اتحاد المسلمین (اے آئی ایم آئی ایم) کے سربراہ اور رکن پارلیمنٹ اسدالدین اویسی اتر پردیش اسمبلی انتخاب کے پیش نظر پوری طرح سرگرم نظر آ رہے ہیں۔ وہ اتر پردیش کے مختلف علاقوں کا دورہ کر کے مسلمانوں کو متحد کرنے کی کوششوں میں سرگرم ہیں۔ ایسے ہی ایک پروگرام میں انھوں نے سیرت النبی کا حوالہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ الزامات اور تکلیفوں سے گھبرانے کی ضرورت نہیں ہے، بلکہ ہمت کے ساتھ آگے بڑھنے سے ہی منزل حاصل ہوگی۔
اسدالدین اویسی نے 2 نومبر کو ایک تقریب میں مسلم طبقہ، خصوصاً قوم و ملت کے ذمہ داران اور علمائے کرام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’’ہم پر الزام لگائے جاتے ہیں، اس کی مجھے کوئی پروا نہیں۔ الزام لگتے ہیں، لگتے رہیں گے۔ تاریخ گواہ ہے… اگر کوئی سیرت النبی کی کتاب کو پڑھے گا تو اس میں الزامات بھی ہیں۔ مکہ کی سرزمین پر جسم مبارک پر اونٹ کی اوجھڑی بھی ڈالی گئی۔ طائف کا سفر بھی ہے۔ احد کا میدان بھی ہے۔ اور اس کے بعد فتح مکہ بھی ہے۔‘‘
اے آئی ایم آئی ایم سربراہ اسدالدین اویسی نے مسلمانوں کو سیاسی طور پر مضبوط اور پراعتماد ہونے کی تلقین بھی کی۔ انھوں نے کہا ’’میرے عزیز دوستو اور بزرگو، اپنی ہمت اور حوصلے کو بلند رکھیے، اور اپنے دونوں بازوؤں پر بھروسہ رکھیے۔ اپنے قوت پر اور اپنے فیصلوں پر بھی پورا اعتماد رکھیے۔ جب آپ اپنے فیصلے پورے اعتماد کے ساتھ لیں گے، تو یقیناً تبدیلی پیدا ہوگی۔‘‘