پاکستان کے سابق وزیر اعظم عمران خان کے سر پر گرفتاری کی تلوار لٹکی ہوئی ہے۔ لاہور واقع ان کی رہائش پر بڑی تعداد میں پولس موجود ہے اور زماں پارک میں حالات کشیدہ ہیں۔ پولس آج ہر حال میں انھیں گرفتار کرنا چاہتی ہے، اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنان رخنہ انداز ہیں۔ اس درمیان عمران خان نے عوام کے نام ایک جذباتی ویڈیو جاری کی ہے۔
ویڈیو میں عمران کہتے دکھائی دے رہے ہیں ’’میرے پاکستانیو! پولس مجھے پکڑنے آ گئی ہے۔ ان کا خیال ہے کہ جب عمران خان جیل چلا جائے گا تو قوم سو جائے گی۔ آپ کو انھیں غلط ثابت کرنا ہے۔ آپ کو ثابت کرنا ہے کہ یہ زندہ قوم ہے۔ یہ محمد مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وسلم کی امت ہے۔ یہ لا الٰہ الا اللہ کے نعرے کے اوپر پلنے والی قوم ہے۔ آپ کو اپنے حقوق کے لیے، حقیقی آزادی کے لیے جدوجہد کرنی ہے اور نکلنا ہے باہر۔‘‘
وہ مزید کہتے ہیں ’’عمران خان کو اللہ تعالیٰ سب کچھ دے چکا ہے۔ میں آپ کے لیے یہ جنگ لڑ رہا ہوں۔ میں نے تو ساری زندگی جنگ لڑی اور لڑتا رہوں گا۔ لیکن اگر مجھے کچھ ہوتا ہے، یا جیل جاتا ہوں، یا مار دیتے ہیں، تو آپ کو ثابت کرنا ہے کہ عمران خان کے بغیر بھی یہ قوم جدوجہد کرے گی۔‘‘ آخر میں انھوں نے کہا کہ ’’یہ بدترین غلامی ہے۔ یہ چوروں کی، اور جو یہ ایک آدمی فیصلے کر رہا ہے اس ملک کے، یہ کبھی آپ قبول نہیں کریں گے۔ پاکستان زندہ باد۔‘‘