افغانستان میں طالبان حکومت نے خواتین کے متعلق ایک نیا حکم نامہ جاری کیا ہے۔ اس کے مطابق اب خواتین بغیر حجاب اور بغیر قریبی مرد رشتہ دار کے سفر نہیں کر سکیں گی۔ بین الاقوامی میڈیا رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ طالبان حکومت نے خواتین کا کسی قریبی رشتہ دار مرد اور حجاب کے بغیر طویل سفر کو ممنوع قرار دے دیا ہے۔
یہ حکم نامہ وزارت امر بالمعروف نہی عن المنکر کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ نئی ہدایت کے مطابق ٹرانسپورٹرس کو حکم دیا گیا ہے کہ وہ بغیر حجاب کی عورتوں کو گاڑیوں پر سوار ہونے کی اجازت نہ دیں۔ وزارت کے ترجمان صادق عاکف مہاجر کا کہنا ہے کہ تنہا سفر کرنے والی خواتین اگر خاندان کے کسی رکن یا مرد کے ساتھ نہ ہوں تو انھیں 45 میل سے زیادہ فاصلے تک سفر کی اجازت نہیں ہوگی۔
غور طلب ہے کہ 26 گزشتہ اگست کو طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ’نیویارک ٹائمز‘ کو انٹرویو میں کہا تھا کہ خواتین کا نقاب اور گھروں میں رہنے والی بات بے بنیاد ہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا تھا کہ خواتین کو اگر تین یا اس سے زیادہ دن کے سفر پر جانا ہے تو محرم کا ساتھ ہونا لازمی ہوگا۔ اب افغان حکومت نے تازہ ہدایت میں واضح کر دیا ہے کہ طویل سفر کرنے والی خواتین کو باحجاب بھی رہنا ہوگا اور قریبی مرد رشتہ دار کے ساتھ بھی۔ البتہ قریبی سفر کرنے والی خواتین پر یہ پابندی نافذ نہیں ہوگی۔