بہار میں لاپروائی کا ایک حیران کرنے والا معاملہ سامنے آیا ہے۔ ضلع مظفر پور کے جورن چھپرا واقع آنکھوں کے اسپتال میں ہوئے موتیا بند کے آپریشن میں 65 لوگوں کی بینائی چلی گئی۔ یعنی مریض نے آپریشن کرایا تاکہ آنکھ کی روشنی ٹھیک ہو جائے، لیکن وہ سبھی نابینا ہو گئے۔ غور طلب یہ ہے کہ 12 لوگوں کی تو آنکھیں تک نکالنی پڑ گئیں۔ یہ سبھی 65 آپریشن 22 نومبر کو ہوئے تھے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق موتیا بند آپریشن کے ایک ہفتے بعد ہی لوگوں کی آنکھوں کی روشنی چلی گئی۔ تقریباً دو درجن مریضوں کی آنکھوں میں انفیکشن ہو گیا اور بیشتر کی آنکھیں نکالنی پڑیں۔

اس پورے معاملے میں اب سیاست بھی شروع ہو گئی ہے۔ اپوزیشن پارٹی لیڈران برسراقتدار طبقہ کو تنقید کا نشانہ بنا رہے ہیں۔ آر جے ڈی لیڈر اور بہار کے سابق نائب وزیر اعلیٰ تیجسوی یادو نے اپنے ایک ٹوئٹ میں لکھا ہے کہ ’’ملک کی سب سے بدحال اور پھسڈی بہار کے صحت نظام کا ایک نظارہ دیکھیے۔ مظفر پور میں 65 لوگوں کی آنکھوں کا آپریشن کیا گیا۔ ایک ہی ٹیبل پر سب کا آپریشن۔ روشنی تو دور کی بات، سبھی کی آنکھیں نکالنی پڑی۔ وزیر اعلیٰ جی اور بی جے پی کے وزیر صحت کو عوام سے کوئی لینا دینا نہیں۔‘‘ ہنگامہ بڑھتا دیکھ کر افسران نے آناً فاناً میں محکمہ صحت کی تین رکنی کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔ جانچ میں قصوروار ثابت ہونے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی بات بھی ہو رہی ہے۔