ہندوستان میں کورونا کیسز تیزی کے ساتھ بڑھ رہے ہیں۔ گزشتہ 24 گھنٹے میں تقریباً 91 ہزار نئے کووڈ-19 کیسز سامنے آئے ہیں۔ مرکزی و ریاستی حکومتیں لوگوں سے لگاتار کورونا کی خوراک لینے کی اپیل کر رہی ہیں۔ اس درمیان بہار سے ایک حیرت انگیز خبر سامنے آ رہی ہے۔ 84 سالہ ایک بزرگ نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے اب تک کورونا کی 11 خوراک لے لی ہے۔ اس دعویٰ نے محکمہ صحت کو کٹہرے میں کھڑا کر دیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق بہار کے مدھے پورہ واقع اورائی گاؤں باشندہ برہمدیو منڈل نے 11 خوراک لینے کا دعویٰ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ان ٹیکوں سے انھیں بہت فائدہ پہنچا ہے، اسی لیے وہ مزید ٹیکے لینا چاہتے ہیں۔ برہمدیو کے مطابق انھیں کمر اور پیروں میں تکلیف رہتی تھی جس سے اب نجات مل گئی ہے۔ وہ خود کو صحت مند محسوس کر رہے ہیں اس لیے بارہویں بار ٹیکہ لگوانا چاہتے تھے لیکن چوسا پی ایچ سی میں ٹیکہ کاری بند ہونے کے سبب کامیابی نہیں ملی۔
بتایا جا رہا ہے کہ برہمدیو محکمہ ڈاک میں کام کرتے تھے۔ انھوں نے 13 فروری سے 30 دسمبر 2021 کے درمیان یہ 11 ٹیکے لگوائے۔ اچھی بات یہ ہے کہ ان پر ٹیکوں کا مضر اثر نہیں ہوا۔ معاملہ سامنے آنے کے بعد محکمہ صحت میں کھلبلی مچ گئی ہے۔ معاملے کی جانچ کی بات کہی جا رہی ہے اور پرینی و چوسا پی ایچ سی انچارج سے رپورٹ طلب کی گئی ہے۔