اتر پردیش کی یوگی حکومت کئی مواقع پر تشدد میں ملوث ہونے کے الزام کا سامنا کر رہے لوگوں سے عوامی ملکیت کو پہنچے نقصان کی وصولی کرنے کی بات کہہ چکی ہے۔ اب اس سلسلے میں ایک قرارداد کو یوپی اسمبلی میں منظوری بھی مل گئی ہے۔ 23 ستمبر کو اپوزیشن سماجوادی پارٹی کی غیر موجودگی میں ’یوپی پبلک و پرائیویٹ ملکیت نقصان وصولی (ترمیمی) بل، 2022‘ صوتی ووٹوں سے پاس ہو گیا۔ اس ترمیم شدہ بل میں فساد یا تشدد میں کسی کی موت یا ملکیت کے نقصان پر معاوضے کی رقم کی وصولی قصوروار شخص سے کرنے کا انتظام ہے۔

بتایا جاتا ہے کہ اس بل کے مطابق ہڑتال، فساد اور تشدد کے دوران اگر عوامی یا ذاتی ملکیت کو نقصان پہنچتا ہے، تو اس کی بھرپائی نقصان پہنچانے والا ہی کرے گا۔ ساتھ ہی اگر فساد یا تشدد میں کسی شخص کی جان جاتی ہے تو دعویٰ اتھارٹی کو 5 لاکھ روپے معاوضہ دینے کا حق دیا گیا ہے۔ اس کی وصولی قصوروار شخص سے کی جائے گی۔ اتنا ہی نہیں، سرکاری یا ذاتی ملکیت کے نقصان کا ازالہ کرنے کے لیے پولیس کارروائی پر ہونے والا خرچ بھی قصوروار شخص کو ہی دینا ہوگا۔

اسمبلی کے مانسون اجلاس کے دوران وقفہ سوالات کے بعد ایوان کے قائد اور وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ کی غیر موجودگی میں ان کی طرف سے پارلیمانی امور کے وزیر سریش کھنہ نے مذکورہ بالا قرارداد پیش کیا۔ اس کی منظوری کے بعد ہڑتال اور تشدد میں اشتعال پیدا کرنے والوں پر حکومت کا شکنجہ مزید سخت ہوگا۔