کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کئی ممالک میں سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں اور اسرائیل بھی ان ممالک میں شامل ہے۔ خبر سامنے آ رہی ہے کہ اسرائیل میں اب ان اساتذہ کو اسکول میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا جنھوں نے کورونا کا ٹیکہ نہیں لگوایا ہے۔ گویا کہ بغیر کورونا ٹیکہ لگوائے اسکول میں داخل ہونا اساتذہ کے لیے ممنوع قرار دے دیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں وزارت تعلیم نے تفصیلی ہدایات جاری کر دی ہیں۔

ایک خبر رساں ایجنسی کے ذریعہ دی گئی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیلی حکومت کے فیصلے کے مطابق جو استاذ ’گرین پاس‘ پیش نہیں کرتے ہیں (جو کہ کووڈ-19 ٹیکہ کاری یا بیماری سے نجات پانے کا سرٹیفکیٹ ہے)، انھیں 84 گھنٹے پہلے تک کیے گئے ریپڈ انٹیجن ٹیسٹ کی رپورٹ پیش کرنا لازمی ہے۔ یہ سختی ملک میں کووڈ-19 معاملوں پر قابو پانے کی حکومتی کوششوں کا حصہ ہے۔

وزارت کے ذریعہ جاری ہدایات کے تحت مذکورہ شرائط کو پورا نہیں کرنے والے اسکولوں اور کنڈر گارٹن کے اساتذہ کو غیر موجودگی کے دنوں کی ادائیگی نہیں کی جائے گی، اور نہ ہی انھیں ’زوم‘ پلیٹ فارم کے ذریعہ بچوں کو پڑھانے کی اجازت دی جائے گی۔ یہاں قابل غور ہے کہ اس سے قبل اساتذہ کو ’زوم‘ کے ذریعہ کلاس لینے کی اجازت تھی، لیکن حکومت کی نئی ہدایات کے مطابق اب اساتذہ کے لیے کورونا ٹیکہ لگوانا لازمی ہے۔ ورنہ اس کا منفی اثر ان کی مالی حالت پر پڑ سکتا ہے۔